کراچی: جاپانی قونصلیٹ کے دو اہلکار زخمی

فائل فوٹو، کراچی میں رینجرز
Image caption یہ رقم چھیننے کی ایک واردات تھی: ایس پی جاوید اکبر

پاکستان کے صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں فائرنگ کے ایک واقعے میں جاپانی قونصل خانے کے دو ملازم زخمی ہوگئے ہیں۔

جمعرات کو یہ واقعہ شہر کے علاقے کینٹ سٹیشن کے قریب پیش آیا ہے، جہاں عام طور پر رش ہوتا ہے۔

ایس پی پولیس صدر ٹاؤن جاوید اکبر نے بی بی سی کو بتایا کہ قونصلیٹ کے دو پاکستانی ملازم گل محمد اور حیدر شہنگائی بینک سے آ رہے تھے کہ کینٹ سٹیشن پر کھانا لینے کے لیے ایک ہوٹل پر رکے۔

انہوں نے بتایا کہ مسلح ملزمان نے ان سے کیش چھیننے کی کوشش کی اور مزاحمت پر دونوں کو گولیاں مارکر زخمی کردیا، دونوں زخمی ملازموں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

نامہ نگار ریاض سہیل کے مطابق ایس پی نے تخریب کاری کے کسی امکان کو مسترد کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ یہ رقم چھیننے کی واردات تھی۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سید قائم علی شاہ نے واقعے کا سختی سے نوٹس لیا ہے۔انھوں نے آئی جی سندھ اور سی سی پی او کراچی سے فوری رپورٹ طلب کی ہے۔

وزیراعلیٰ کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں ملزمان کی گرفتاری کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

اسی بارے میں