عاصمہ یونیسکو انعام کے لیے منتخب

عاصمہ جہانگیر
Image caption عاصمہ جہانگیر کو یہ انعام انسانی حقوق کی اقدار کے پھیلاو کے لیے ان کے کام پر دیا گیا ہے۔

اقوام متحدہ کے ادارے یونیسکو کی ڈائریکٹر جنرل نے پاکستان کی انسانی حقوق کی سرگرم کارکن اور سپریم کورٹ بار ایسوسیشن کی نو منتخب صدر عاصمہ جہانگیر کو یونسکو بِلباو انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔

عاصمہ جہانگیر کو یہ انعام انسانی حقوق کی اقدار کے پھیلاو کے لیے ان کے کام پر دیا گیا ہے۔

انہیں اس انعام کی بین الاقوامی جیوری نے عالمی سطح پر انسانی حقوق کے فروغ کے لیے ان کے شاندار اور بہادرانہ کام کی وجہ سے منتخب کیا ہے۔

یونیسکو کی ڈائریکٹر جنرل ارینا بوکوا سپین کے شہر بِلباو میں عاصمہ جہانگیر کو یہ انعام دس دسمبر کے روز دیں گی جو انسانی حقوق کا عالمی دن بھی ہے۔

یونیسکو بِلباو انعام کو دو ہزار آٹھ میں قائم کیا گیا تھا جو دنیا بھر میں تعلیم اور ریسرچ کے ذریعے انسانی حقوق کے لیے بڑی اور موثر خدمات انجام دینے والوں کو دیا جاتا ہے۔

عاصمہ جہانگیر پاکستان کے انسانی حقوق کمیشن اور وومن ایکشن فورم کی بانی رکن ہیں۔

ان کا کام نہ صرف پاکستان بلکہ بین الاقوامی سطح پر جانا جاتا ہے۔ وہ مذہبی اور عقائد کی آزادی کے لیے اقوام متحدہ کی نمائندہ خصوصی بھی رہی ہیں۔

اسی بارے میں