نیٹو ٹینکر پر حملہ، ڈرائیور ہلاک

فائل فوٹو

پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کے ضلع مردان میں موٹروے پر نامعلوم مُسلح افراد نے افغانستان میں نیٹو کےلیے رسد لے جانے والے کنٹینر پر حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں ڈرائیور ہلاک اور گاڑی کو نقصان پہنچا ہے۔

ہمارے نامہ نگار دلاور خان وزیر نے بتایا کہ اسلام آباد پشاور موٹروے کے سربراہ طاہر خان کا کہنا تھا کہ جمعرات کی صُبح پانچ بجے کے قریب ضلع مردان کے حدود میں نامعلوم مُسلح افراد نے افغانستان میں نیٹو کے لیے رسد لے جانے والے کنٹینر میں فائرنگ کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس فائرنگ کے نتیجے میں ڈرائیور ہلاک جبکہ گاڑی کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس واقعہ کے بعد پولیس جائے وقوعہ پہنچ گئی لیکن پولیس کے پہنچنے سے پہلے نامعلوم مُسلح افراد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے۔

اہلکار کے مطابق متاثرہ گاڑی سڑک کے کنارے کھڑی ہے اور سڑک کو ہر قسم کے ٹریفک کے لیے کھول دیاگیا ہے۔

یادرہے کہ اس پہلے بھی پورے پاکستان بالخصوص خیبر پختونخوا میں امریکہ اور اتحادیوں کے گاڑیوں پر درجنوں حملے ہوچکے ہیں لیکن موٹروے کے اوپر نیٹو کی گاڑی پر حملہ اپنی نوعیت کا پہلا حملہ ہے۔

اسی بارے میں