سوات: قافلے پر حملہ، پانچ ہلاک

فائل فوٹو

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع سوات میں حکام کے مطابق سکیورٹی فورسز کے زیرِحراست شدت پسندوں کو لے جانے والے قافلے پر شدت پسندوں نے حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں پانچ شدت پسند ہلاک جبکہ دو سکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔

حکام نے بتایا کہ اس کے بعد سکیورٹی فورسز نے جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں پانچ شدت پسند ہلاک ہوگئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ شدت پسندوں کے قبضے سے بھاری اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی سوات ہی میں سکیورٹی فورسز نے حراست کے دوران بھاگنے کی کوشش کرنے والے پانچ شدت پسندوں کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا تھا۔

سوات میڈیا سنٹر کے ایک اعلی اہلکار نے نامہ نگار دلاورخان وزیر کو بتایا کہ سنیچر کو تحصیل مٹہ کے پہاڑی علاقے میں زیرِحراست شدت پسندوں کو مشکوک ٹھکانوں کی نشاندہی کے لیے لے جایا جا رہا تھا کہ راستے میں پہلے سے موجود شدت پسندوں نے سکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں دو سکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے۔

یادرہے کہ گزشتہ روز بھی حکام نے بتایا تھا کہ تحصیل چارباغ کے نواحی علاقے میں سکیورٹی فورسز نے پانچ شدت پسندوں کو فائرنگ کر کے اُس وقت ہلاک کردیا تھا جب وہ ایک جنگل میں سکیورٹی فورسز کی حراست سے بھاگنے کی کوشش کر رہے تھے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دو تین ہفتوں سے شدت پسندوں کی ہلاکت کے واقعات پر سوات سے جاری ہونے والے اکثر پریس ریلیز میں یہ بتایا جاتا ہے کہ شدت پسندوں کو سکیورٹی فورسز کی حراست سے بھاگنے کی کوشش کے بعد فائرنگ کرکے ہلاک کیا گیا ہے۔

سوات میں گزشتہ ایک عرصے سے ایک بار پھر سکیورٹی فورسز اور شدت پسندوں کے درمیان جھڑپوں کی خبریں آنا شروع ہوگئی ہیں۔ سکیورٹی فورسز کے اہلکار یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ شدت پسند کسی نہ کسی جھڑپ میں ہلاک ہوجاتے ہیں۔

تاہم مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ سوات میں ان شدت پسندوں کی لاشیں ملنا شروع ہوگئی ہیں جو سوات میں فوجی آپریشن کے بعد سے لاپتہ ہوگئے تھے۔ سوات کے شدت پسند طالبان کا بھی یہی دعویٰ ہے کہ اُن کے جن ساتھیوں کی لاشیں مل رہی ہیں وہ سوات میں فوجی آپریشن کے دوران گرفتار کیے گئے تھے۔تاہم حکومت ان دعوؤں کی تردید کرتی ہے۔

دوسری جانب مہمند ایجنسی میں حکام کے مطابق تحصیل صافی کے علاقے شاگئی میں نامعلوم شدت پسندوں نے سکیورٹی فورسز کی ایک چیک پوسٹ پر حملہ کیا ہے اور جوابی کارروائی میں چار شدت پسند ہلاک جبکہ تین زخمی ہوگئے ہیں۔

ایک سرکاری اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ حملے میں سکیورٹی فورسز کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے البتہ چیک پوسٹ کو جزوی نقصان ہے۔ اور حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

اسی بارے میں