جسٹس اقبال حمید الرحمان کون؟

اقبال حمید الرحمان
Image caption اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سابق چیف جسٹس حمود الرحمن کے صاحبزادے ہیں

اسلام آباد ہائی کورٹ کے پہلے چیف جسٹس، جسٹس اقبال حمید الرحمان نے حلف اٹھا لیا ہے۔ انہوں نے چار سال میں جج سے چیف جسٹس کا سفر طے کیا ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے گورنر ہاؤس میں جسٹس اقبال حمید الرحمان سے حلف لیا، ان کی بطور چیف جسٹس تعیناتی کی سفارش جوڈیشل کمیشن نے کی تھی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے پہلے چیف جسٹس اقبال حمید الرحمان پاکستان کے دوسرے چیف جسٹس ہیں جن کے والد بھی چیف جسٹس کے عہدے پرفائز رہ چکے ہیں ۔جسٹس اقبال حمید الرحمان سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس حمود الرحمان کے بیٹے ہیں جو سقوط ڈھاکہ کے بعد پاکستان کے چیف جسٹس بنیں۔

اس سے پہلے سابق چیف جسٹس راشد عزیز خان بھی اپنے والد جسٹس عزیز خان بھی لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس رہ چکے ہیں ۔

جسٹس اقبال حمید الرحمان پچیس ستمبر انیس سو چھپن کو مشرقی پاکستان کے شہر ڈھاکہ میں پیدا ہوئے لیکن انیس سو ساٹھ میں اپنے والد جسٹس حمودالرحمان کی سپریم کورٹ میں تقرری ہونے پر مغربی پاکستان شہر لاہور منتقل ہوگئے ۔

جسٹس حمودالرحمان اس عدالتی کمیشن کے سربراہ بھی تھے جہنوں نے مشرقی پاکستان کی علیحدگی کی عدالتی تحقیقات کیں تھیں ۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جسٹس اقبال حمید الرحمان نے ابتدائی تعلیم کے بعد لاہور سے ہی قانون ڈگری حاصل کی اور انیس سو اکیاسی میں وکالت شروع کی ۔

تیس اکتوبر دو ہزار چھ میں جسٹس اقبال حمید الرحمان کو لاہور ہائی کورٹ کا ایڈیشنل جج مقرر کیا گیا ۔جسٹس اقبال الرحمان ہائی کورٹ کے جج کے علاوہ الیکشن کمیشن کے رکن کی حیثیت سے بھی فرائض انجام دیئے۔

لاہور ہائی کورٹ کے جج کی حیثیت سے جسٹس اقبال حمید الرحمان نے سنہ دو ہزار نو میں پنجاب کے علاقے گوجرہ میں عیسائیوں کی آبادی پر ہونے والے حملہ کی عدالتی تحقیقات بھی کیں۔

جسٹس اقبال حمید الرحمان سن تیس اکتوبر دو ہزار سات میں ہائی کورٹ کے مستقل جج کی حیثیت سے حلف اٹھانے کے تین دن بعد جنرل پرویز مشرف کی طرف سے جاری کردہ عبوری آئینی فرمان یعنی پی سی او کے تحت حلف اٹھانے سے انکار کردیا جس کی بنا پر انہیں ان کے عہدے سے معزول کردیا گیا۔

جسٹس اقبال حمید الرحمان سولہ مارچ سنہ دو ہزار کو معزول ججوں کے ساتھ اپنے عہدے پر بحال ہوئے اور تین سال کے قلیل عرصہ میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے پہلے چیف جسٹس مقرر ہوگئے ہیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے پہلے چیف جسٹس اقبال حمید الرحمان باسٹھ برس کی عمر میں چوبیس ستمبر کو سنہ دو ہزار اٹھارہ کو اپنے عہدے سے ریٹائر ہوجائیں گے۔