فاروق لغاری کی نشست پر ضمنی انتخابات

Image caption سابق صدر فاروق لغاری کا گزشتہ برس اکتوبر میں انتقال ہو گیا ہے

چیف الیکشن کمشنر ریٹائرڈ جسٹس حامد علی مرزا نے جنوبی پنجاب کے علاقے ڈیرہ غازی خان سے قومی اسمبلی کے حلقہ ایک سو بہتر کے لیے ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کردیا ہے ۔

الیکشن کمیشن کے مطابق اس حلقہ میں ضمنی انتخابات کے لیے چوبیس مارچ کو پولنگ ہوگی۔

قومی اسمبلی کی نشست این اے ایک سو بہتر سابق صدر اور مسلم لیگ قاف کے رہنما سردار فاروق احمد خان لغاری کے گزشتہ سال اکتوبر میں انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی ۔

الیکشن کمیشن نے فاروق لغاری کے انتقال کے بعد قومی اسمبلی کی خالی ہونے والی نشست پر چودہ دسمبر کو ضمنی انتخاب کرانے کا اعلان کیا تھا تاہم حج اور محرم کی وجہ سے ضمنی انتخابات کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردیا گیا تھا۔

ہمارے نامہ نگار عبادالحق کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ ایک سو بہتر سے مسلم لیگ قاف کی طرف سے فاروق لغاری کے بیٹے اویس لغاری امیدوار ہوں گے جبکہ اس حلقہ سے پیپلز پارٹی نے شبیر لغاری اور مسلم لیگ نون نے حافظ عبدالکریم کو امیدوار نامزد کیا ہے ۔

دو ہزار آٹھ کے عام انتخابات میں اس حلقہ میں تنازعہ ہونے کی وجہ سے ایک پولنگ سٹیشن پر دوبارہ پولنگ ہوئی تھی جس کے بعد اس حقلہ سے فاروق لغاری کو کامیاب قرار دیا گیا تھا جبکہ عبدالکریکم دوسرے نمبر آئے۔

فاروق لغاری کے مدمقابل امیدوار حافظ عبدالکریم نے نتائج کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں انتخابی عذرداری دائر کی تھی جس پر فاروق لغاری کے انتقال تک فیصلہ نہیں ہوسکا۔

چیف الیکشن کمشنر کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق ضمنی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدوار سات سے آٹھ فروری تک کاغدات نامزدگی جمع کرا سکیں گے جبکہ کاغذات کی جانچ پڑتال چودہ سے انیس فروری تک ہوگی۔

کاغذات نامزدگی کو منظور اور مسترد کیے جانے کے خلاف اپیلیں بائیس فروری تک دائر کی جاسکیں گی جبکہ ان اپیلوں پر سماعت اٹھائیس فروری تک سماعت مکمل کرلی جائے گی ۔

شیڈول کے تحت امیدوار یکم مارچ تک اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے جبکہ امیدواروں کی حتمی فہرست دو مارچ کو جاری کی جائے گی۔

اسی بارے میں