ڈیرہ اسماعیل خان میں موبائل سروس بحال

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption صوبے کے دیگر جنوبی اضلاع بنوں ، ٹانک اور لکی مروت میں بھی موبائل فون سروس ابھی تک بند ہے

صوبہ خیبر پختونخواہ کے جنوبی ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں کوئی ڈیڑھ سال کی بندش کے بعد جمعہ کے روز سے موبائل فون سروس بحال کرنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔

ایسی اطلاعات ہیں کہ ڈیرہ اسماعیل خان کی اہم سیاسی اور تجارتی شخصیات نے گزشتہ دنوں پاکستان آرمی کے عہدیداروں سے ملاقات میں موبائل فون کی بندش سے پیدا ہونے والی مشکلات سے آگاہ کیا تھا جس پر حکام نے موبائل فون سروس کی بحالی کی یقین دہانی کرا دی تھی۔

پشاور میں ہمارے نامہ نگار عزیز اللہ خان کے مطابق جمعرات کو شام کے وقت ڈیرہ اسماعیل خان میں موبائل فون سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں کو یہ حکم جاری کر دیا گیا تھا کہ جمعہ کی صبح تک فون سروس بحال کردیں۔ تاہم شہر کے اکثر مقامات پر جمعرات کو ہی ٹیلیفون سگنل دستیاب تھے۔

ڈیرہ اسماعیل خان کے علاوہ صوبے کے دیگر جنوبی اضلاع بنوں ، ٹانک اور لکی مروت میں بھی موبائل فون سروس بند ہے لیکن وہاں اس کی بحالی کے لیے تا حال کوئی حکم جاری نہیں کیا گیا ہے۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں موبائل ٹیلیفون سروس اکتوبر سن دو ہزار نو میں اس وقت بند کر دی گئی تھی جب جنوبی وزیرستان میں فوجی آپریشن راہ نجات شروع کیا گیا تھا۔ موبائل فون بندش کی صرف یہ ایک وجہ نہیں تھی بلکہ ضلع بھر میں امن و امان کی صورتحال بھی انتہائی تشویش ناک تھی جہاں بم دھماکوں کے علاوہ ٹارگٹ کلنگ کے متعدد واقعات پیش آچکے تھے۔

فوجی حکام نے موبائل فون سروس کو ہی دہشت گردی کی کارروائیوں کی ایک بڑی وجہ سمجھا تھا اور اسی لیے اس سہولت کے دروازے جنوبی اضلاع کے لوگوں پر بند کر دیئے گئے تھے۔ دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات پھر بھی جاری رہے لیکن اب کسی حد تک ان واقعات میں کمی واقع ہوئی ہے۔ جن دنوں موبائل فون سروس ڈیرہ شہر میں بند کر دی گئی تھی ان دنوں شہر کے کے قریب دریائے سندھ کے کنارے یا شہر کے ارد گرد سرکلر روڈ اور مضافات میں ٹیلیفون سروس کام کرتی رہی بندش صرف اندرونِ شہر میں ہی تھی۔

اگست سن دو ہزار دس میں دس دنوں کے لیے موبائل فون سروس بحال کی گئی تھی لیکن پھر اچانک یہ سروس بند کر دی گئی۔ ایک ماہ پہلے پشاور ہائی کورٹ کے ڈی آئی خان بنچ نے بھی موبائل فون سروس کی بندش کے خلاف دائر درخواست خارج کر دی تھی۔

مقامی لوگوں نے موبائل فون سروس کی بحالی کا خیر مقدم کیا ہے اور کہا ہے کہ اب شہر میں تجارتی سرگرمیاں ایک مرتبہ پھر شروع ہو جائیں گی۔

یہاں یہ امر بھی قابل زکر ہے کہ ڈیرہ شہر کا مشہور سالانہ میلہ اسپان بھی کوئی چار سال کے بعد منعقد ہوا ہے۔

اسی بارے میں