جنوبی وزیرستان: ڈرون حملے میں چار ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption شمالی وزیرستان میں کچھ عرصے سے ڈرون حملوں میں کمی واقع ہوئی تھی

پاکستان کے قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان کے حکام کے مطابق وانا سے کچھ فاصلے پر امریکی جاسوس طیارے کے حملے میں چار افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

پشاور سے ہمارے نامہ نگار دلاور خان وزیر نے بتایا کہ حکام کے مطابق یہ ڈرون حملہ جنوبی وزیرستان کے صدر مقام وانا سے بارہ کلومیٹر دور تحصیل برمل کے علاقے شین ورسک میں ہوا ہے۔

’دہشت گردی میں 2500، ڈرون میں 900 ہلاک‘

مقامی انتظامیہ کے مطابق ڈرون سے ایک مکان پر دو میزایل داغے گئے جس کے نتیجے میں چار افراد ہلاک ہوئے۔

حکام کے مطابق جس مکان کو نشانہ بنایا گیا ہے یہ مکان ملا نذیر گروپ سے تعلق رکھنے والے اہم کمانڈر محمد نور کا مکان ہے۔

مقامی لوگوں کے مطابق اس حملے میں ہلاک ہونے والے تمام افراد پنجابی طالبان تھے جو اس مکان میں کافی عرصے سے رہائش پذیر تھے۔

مقامی افراد نے مزید بتایا کہ لاشوں کو ملبے سے نکال کر دفنا دیا گیا ہے۔

اسی بارے میں