لاہور: ریل گاڑیوں کے تصادم میں دو ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption خیبر میل کا انجن اور بابو ٹرین کی ایک بوگی پٹڑی سے اترگئی

صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ریل گاڑیوں کے تصادم کے نتیجے میں دو افراد ہلاک اور دس زخمی ہوگئے ہیں۔

ہلاک ہونے والے میں ایک مسافر اور ریلوے کا ایک اہلکار شامل ہے۔

لاہور میں ٹرین حادثہ: تصاویر

یہ حادثہ منگل کی صبح نو بجے کے قریب لاہور کے علاقے بادامی باغ میں سبزی منڈی کے قریب اس وقت پیش آیا جب ریل پٹڑی پر رکی ہوئی بابو ٹرین سے پیچھے سے آنے والے خیبر میل ٹکراگئی۔

بابو ٹرین سیالکوٹ سے لاہور آ رہی تھی جب خیبرمیل نے پشاور سے کراچی جانا تھا۔

ریلوے کے ترجمان نے بی بی سی کے نامہ نگار عبادالحق کو بتایا کہ بابو ٹرین لاہور اسٹیشن کے قریب پہنچی تو بادامی باغ کے مقام پر ایک بچہ ریل گاڑی کے سامنے آگیا جس کی وجہ سے ریل گاڑی کو اچانک روکنا پڑا۔

ترجمان کے مطابق بچے کے اچانک سامنے آنے کی وجہ سے بابو ٹرین بادامی باغ کے مقام پر رکی اور اسی دوران پشاور آنے والی ریل گاڑی خیبر میل نے اسے ٹکر مار دی۔

حادثے کی وجہ سے خیبر میل کا انجن اور بابو ٹرین کی ایک بوگی پٹڑی سے اترگئی۔

ریلوے حکام نے بتایا کہ اس حادثے میں ریلوے کا فائرمین اور ایک مسافر ہلاک جبکہ خیبر میل کے ڈرائیور سمیت دس مسافر زخمی ہوئے ہیں جنہیں مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب ریلوے حکام نے لاہور کے قریب ریل گاڑیوں کے تصادم کے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

اسی بارے میں