کوئٹہ میں بارش، پانچ افراد ہلاک

بلوچستان فائل فوٹو

بلوچستان کے دارلحکومت کوئٹہ میں منگل کی شام ہونے والے بارشوں میں چار بچوں سمیت پانچ افراد ہلاک اور دوبچے لاپتہ ہیں۔

بارش کے باعث کوئٹہ شہر کی اکثر سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا ہے جبکہ کئی کچے مکانات زمین بوس ہوگئے ہیں۔

کوئٹہ سے بی بی سی کے نامہ نگار ایوب ترین کے مطابق ایک گھنٹے کے بارش کے بعد شہر کی سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا اور مختلف واقعات میں چار بچوں سمیت پانچ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

کوئٹہ شہر میں منگل کو ہونے والی مون سون کی بارشوں میں پشتون آباد میں تین بچے برساتی نالے میں بہہ گئے جن کی لاشیں نکال لی گئیں۔تاہم لوڑ کاریز میں بہہ جانے والے دوبچے ابھی تک لاپتہ ہیں۔

سترہ سالہ طالب علم بہار علی جناح روڈ پر پشین بس اسٹاپ کے قریب کرنٹ لگنے سے ہلاک ہو گئے۔

کمشنر کوئٹہ ڈویژن نسیم احمد لہڑی نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے بتایاکہ کوئٹہ کے نشیبی علاقے زیر آب آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سریاب کے مختلف علاقوں میں جھگیوں میں بسنے والے ایک ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیاگیاہے۔ اور میونسپل کارپوریشن کے عملے پر مشتمل تیرہ ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں۔