بنوں: فائرنگ سے دو اہلکار ہلاک، دو زخمی

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption حملہ آور دو موٹر سائیکلوں پر سوار تھے اور واقعہ کے بعد بکاخیل ایف آر کی طرف فرار ہو گئے

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے جنوبی ضلع بنوں میں پولیس کے مطابق نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی ایک سرکاری گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں دو اہلکار ہلاک اور دو زخمی ہو گئے ہیں۔

بنوں میں پولیس اہلکار عثمان غنی نے بی بی سی کے نامہ نگار دلاور خان وزیر کو بتایا کہ بدھ کو شہر سے تقریباً پندرہ کلومیٹر دور مغرب کی جانب تھانہ میریان کے حدود میں دو موٹر سائیکلوں پر سوار مُسلح افراد نے میریان کی طرف جانے والی ایک سرکاری گاڑی کو نشانہ بنایا۔

انہوں نے کہا کہ گاڑی میں چار افراد سوار تھے جن میں سے دو ہلاک اور دو زخمی ہیں۔

اہلکار کا کہنا تھا کہ حملہ آور دو موٹر سائیکلوں پر سوار تھے اور واقعہ کے بعد بکاخیل ایف آر کی طرف فرار ہو گئے۔

انہوں نے بتایا کہ اس واقعہ کے بعد پولیس علاقے میں پہنچ گئی اور قریبی علاقے میں تلاشی بھی شروع کر دی لیکن ابھی تک کسی قسم کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پولیس نے واقعہ کی تحقیقات شروع کی ہے لیکن ابھی تک ان کو یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ واقعہ میں ہلاک ہونے والے سرکاری افراد کا کس ادارے سے تعلق تھا۔ البتہ ان کی لاشوں کو آرمی ہسپتال بنوں منتقل کر دیا گیا ہے۔

ایک اور اعلیٰ سرکاری افسر نے بی بی سی کو بتایا کہ جس گاڑی پر حملہ ہوا وہ سکیورٹی فورسز کی گاڑی تھی اور اس پر تھانہ میریان کے حدود میں حملہ ہوا ہے۔

ایک اور افسر نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ ہلاک ہونے والے دونوں اہلکاروں کا تعلق خُفیہ اداروں سے تھا جن میں ایک کا نام عنایت اللہ اور دوسرے کا شکیاز ہے۔ تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ ان کے عہدے کیا تھے۔

اسی بارے میں