بونیر: پہاڑی تودہ گرنے سے چھ افراد ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption واقعہ کے وقت دس افراد موجود تھے۔

صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع بونیر میں سنگ مرمر کے کان میں پہاڑی تودہ گرنے سے چھ افراد ہلاک جبکہ تین زخمی ہوئے ہیں۔

پولیس افسر نورجمال خان نے بی بی سی کے نامہ نگار دلاورخان وزیر کو بتایا کہ بونیر کے صدر مقام ڈگر سے کوئی چودہ کلومیٹر دور بمپوہا کے علاقے جوڑ میں سنگ مرمر کے کان میں اس وقت ایک پہاڑی تودہ گرا جب مزدور کام ختم کر کے شام کے وقت چُھٹی کرچکے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ واقعہ کے دوران وہاں پر صرف دس افراد موجود تھے۔

اہلکار کا کہنا تھا کہ تودہ گرنے کے نتیجہ میں چھ افراد ہلاک جبکہ تین زخمی ہوئے۔ پولیس افسر کے مطابق، ہلاک ہونے والوں میں دو کان کے مالک ایک ڈرائیور اور ایک مُنشی شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ تودہ کے ملبے تلے آنے سے تین ٹرک اور ایک جیپ بھی تباہ ہوگئی البتہ واقعہ کے وقت ٹرکوں اور جیپ میں کوئی شخص موجود نہیں تھا۔

انہوں نے بتایا کہ یہ واقعہ پیر اور منگل کے درمیانی رات پیش آیا جس کے بعد سے پولیس اور مقامی لوگوں نے امدادی کاروائیاں شروع کر رکھی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ تودے کا ملبہ بُہت زیادہ ہے لیکن ملبہ کے نیچے مزید کوئی شخص موجود نہیں ہے۔

ضلع بونیر میں سنگ مرمر کی کئی کان موجود ہیں اور یہاں کا پتھر پورے ملک میں اپنے معیار کے لحاظ سے شہرت رکھتا ہے۔ ان کانوں سے بونیر کے ہزاروں لوگوں کا روزگار وابستہ ہے۔