توغر میں دو پولیس اہلکار ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption بارودی سرنگ کے اس دھماکے میں نشانہ رنگروٹ بنے

صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع تورغر میں حکام کے مطابق پولیس کی گاڑی ایک بارودی سرنگ سے ٹکراگئی ہے جس کے نتیجہ میں دو پولیس اہلکار ہلاک جبکہ آٹھ زخمی ہوگئے۔

تورغر کے ضلعی رابط آفسر فرید خان نے بی بی سی کے نامہ نگار دلاورخان وزیر کو بتایا کہ سنیچر کو صدر مقام جُدبا سے تقریباً پندرہ کلومیٹر دور جنوب؛مشرق کی جانب شگئی کے مقام پر پولیس کی گاڑی اس وقت ایک بارودی سرنگ سے ٹکراگئی جب وہ جُدبا سے ضلع ہنگو کی طرف جا رہی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ دھماکے میں دو پولیس اہلکار ہلاک جبکہ آٹھ زخمی ہوگئے۔اہلکار کے مطابق زخمیوں کو بٹ گرام سول ہسپتال منتقل کردیاگیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکار ایک ٹرک میں سوار تھے جو ٹریننگ کے لیے ہنگو جا رہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ بم پہلے سے سڑک کے کنارے نصب کیا گیا تھا۔ البتہ پولیس نے مزید تحقیقات شروع کردی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے اس واقعہ کے بعد پولیس کی نفری علاقے میں پہنچ گئی تھی لیکن ابھی تک کسی قسم کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے اور نہ ہی ابھی تک کسی نے اس واقعہ کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

یادرہے کہ تورغر کو حال ہی میں عوامی نیشنل پارٹی کے دورے حکومت میں ضلع کا درجہ دیاگیا ہے جس میں ابھی تک پولیس کی فورس مکمل نہیں ہے اور اس ضلع کے سینکڑوں پولیس رینکروٹ زیرِ تربیت ہیں۔

اسی بارے میں