ڈینگی: ایک ماہ میں کراچی میں سات ہلاک

ڈینگی وارڈ تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں اب تک ایک سو چھیاسی افراد ڈینگی وائرس کے سبب ہلاک ہو چکے ہیں

پاکستان میں گو ڈینگی بخار کا سب سے زیادہ زور صوبہ پنجاب اور اس کے دارالحکومت لاہور میں ہے تاہم سندھ میں بھی ڈینگی بخار پھیل رہا ہے اورگزشتہ ایک ماہ کے دوران کراچی میں ڈینگی سے سات افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

کراچی سے نامہ نگار حسن کاظمی کے مطابق ڈینگی سرویلینس سیل سندھ کے انچارج ڈاکٹر شکیل ملک نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں سے ایک شخص کا تعلق اندرونِ سندھ سے تھا جب کے مرنے والے باقی مریض کراچی سے تعلق رکھتے تھے۔

تفصیلات کے مطابق اس سال ستمبر میں ڈینگی بخار سے کراچی میں پانچ افراد ہلاک ہوئے جبکہ رواں ماہ اکتوبر میں اب تک دوافراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

ڈاکٹر شکیل ملک کے مطابق صوبہ سندھ میں اب تک پانچ سو اٹھاسی افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے جب کہ ڈینگی کے مشتبہ مریضوں کی تعداد دو سو تیرہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس مرض کا سب سے زیادہ زور کراچی میں ہے جبکہ سندھ کے دیگر اضلاع جن میں حیدر آبار، گھوٹکی ، ٹنڈو محمد خان شامل ہیں وہاں بھی ڈینگی کے مریض سامنے آئے ہیں۔

ڈاکٹر شکیل ملک نے بتایا کہ یہ اعداد و شمار سرکاری اور نجی دونوں ہسپتالوں سے حاصل کر کے مرتب کیے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت تمام اضلاع میں ضلعی حکومتوں کو ڈینگی ٹیسٹ کی کٹس فراہم کر رہی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ ضلعی حکومتیں مچھر مار سپرے بھی کر رہی ہیں اور جس گھر میں ڈینگی کا مریض پایا گیا تو اس کے آس پاس کے علاقے میں بھی خصوصی طور پر سپرے کیا جا رہا ہے۔

--

اسی بارے میں