’میں زرداری لیگ چھوڑنے کا اعلان کرتا ہوں‘

شاھ محمود قریشی تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کی حکومت ناکام ہو چکی ہے: شاھ محمود قریشی

پاکستان پیپلز پارٹی کے ممبر قومی اسمبلی اور سابق وزیر خارجہ شاھ محمود قریشی نے پیر کو پیپلز پارٹی کی رکنیت سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا ہے۔

قومی اسمبلی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ وہ پیپلز پارٹی نہیں ہے جو بینظیر بھٹو کی پیپلز پارٹی ہوتی تھی۔

’یہ زرداری لیگ ہے اور میں زرداری لیگ سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتا ہوں۔‘

انہوں نے کہا کہ صدر زرداری میں ہمت نہیں ہے اور وہ مصلحت کا شکار ہیں۔ ’زرداری میں ہمت نہیں ہے اور وہ اپنے اقتدار کو طول دینے کے لیے مصلحت کا شکار ہیں۔‘

انہوں نے پارٹی کے ساتھ قومی اسمبلی کی نشست سے بھی مستعفی ہونے کا اعلان کیا۔

سابق وزیر خارجہ نے اپنی تقریر کے بعد میڈیا کے سوالوں کا جواب نہیں دیا۔

شاھ محمود قریشی نے کہا کہ وہ آئندہ کا لائحہ عمل کا 27 نومبر کو گھوٹکی میں ہونے والے اجلاس میں اعلان کریں گے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مسلم لیگ قاف سے اتحاد کرنے پر پیپلز پارٹی کے کارکن ناخوش ہیں۔

’بینظیر بھٹو کے قتل کا معمہ حل ہونے تک قاتل لیگ سے اتحاد نہیں کرنا چاہیے تھا۔ یہ عمل میثاق جمہوریت کے بھی خلاف ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کی حکومت ناکام ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایوان اپنی افادیت کھو چکا ہے۔

اسی بارے میں