کراچی: سرچ آپریشن میں ایک شخص ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption رینجرز کے ترجمان نے مرنے والے شخص کے بارے میں تفصیلات مہیا کرنے سے انکار کیا ہے

کراچی میں جمعہ کی صبح گلستانِ جوہر میں رینجرز کے سرچ آپریشن کے دوران ایک شخص مشکوک حالات میں ہلاک ہوگیا ہے۔

رینجرز کے ترجمان کے مطابق جمعہ کو علی الصبح رینجرز نے کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں رابعہ سٹی کے بالمقابل واقع اسرار ہائٹس میں گھرگھر تلاشی کے دوران ایک فلیٹ کےمکین نےخود کو ہلاک کر لیا۔ اس کی ہلاکت کے وقت اس کے بچے بھی وہاں موجود تھے۔

رینجرز کے ترجمان نے مرنے والے شخص کے بارے میں مزید تفصیلات بتانے سے یہ کہہ کر انکار کردیا کہ ابھی تحقیقات جاری ہیں۔

تاہم مصدقہ ذرائع کےمطابق مرنے والا پاکستانی نژاد امریکی شہری ہے اور اس کا نام معید عبدالسلام ہے جو اسرار ہائیٹس کے فلیٹ نمبر اے تین سو چھ کا رہنے والا تھا۔ اس کے گھر سے اس کا پاسپورٹ ملا ہے جس کے مطابق اس کی تاریخِ پیدائش سترہ جولائی انیس سو چوہتر ہے۔

تاہم کراچی میں امریکی قونصلیٹ نے ابھی اس بات کی تصدیق نہیں کی ہے کہ معید عبدالسلام امریکی شہری تھا۔

اس واقعے کے وقت اس کے چاروں بچے بھی وہاں موجود تھے جن میں ان کی ایک بیٹی اور تین بیٹے شامل ہیں۔ اطلاعات کے مطابق اس کی اپنی بیوی سے علیحدگی ہوچکی تھی اور اب چاروں بچوں کو ماں کے حوالے کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیاگیا ہے۔