بلوچستان: بارودی سرنگ دھماکہ، دو اہلکار ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ AFP

بلوچستان کے علاقے ڈیرہ بگٹی میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں دو سکیورٹی اہلکار ہلاک اور تین زخمی ہو گئے ہیں۔

کوئٹہ سے بی بی سی کے نامہ نگار ایوب ترین کے مطابق سنیچر کے روز ڈیرہ بگٹی کے علاقے جانوبیڑی میں فرنٹیرکور کے اہلکار معمول کے مطابق ایک گاڑی میں گشت کر رہے تھے کہ ان کی گاڑی ایک بارودی سرنگ سے ٹکراگئی جس سےگاڑی تباہ ہوگئی اور ایف سی کے دواہلکار ہلاک اور تین زخمی ہو گئے ہیں۔

زخمیوں کو فوری طور پرڈیرہ بگٹی میں واقع ایف سی میڈیکل کیمپ منتقل کیا گیا۔ ایف سی کی بھاری نفری نے جائے وقوعہ پر پہنچ کرعلاقے کی ناکہ بندی کردی لیکن آخری اطلاع تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی تھی اور لیویز نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔

کوئٹہ میں ایف سی کے ترجمان نے بارودی سرنگ سے دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئےبتایاکہ ہلاک و زخمی ہونے والوں کو ہیلی کاپٹرکے ذریعے کوئٹہ منتقل کردیاگیا۔

دوسری جانب بلوچ ری پبلیکن آرمی کے ترجمان سرباز بلوچ نے ایک نامعلوم مقام سے بی بی سی کوٹیلی فون کرکے دھماکے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

ادھرکل رات کوئٹہ شہر پر نامعلوم افراد نے ایک راکٹ فائرکیا جوکلی قمبرانی کے قریب گر کر دھماکے سے پھٹ گیا لیکن کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

بلوچ لبریشن آرمی کے ترجمان آزاد بلوچ نے کوئٹہ کینٹ پر تین راکٹ داغنے اور کاہان کے علاقے میں سکیورٹی فورسزکے چیک پوسٹ پرحملے کادعوی کیاہے تاہم کوئٹہ میں سرکاری ذرائع نے اس کی تصدیق نہیں کی۔