ملالہ یوسف زئی کے لیے انعام

پاکستان کے وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی اور خیبر پختون خوا کے وزیراعلیٰ امیر حیدر خان ہوتی نے بی بی سی اردو سروس کے لیے ڈائری لکھنے والی عالمی امن ایوارڈ کےلیے نامزد سوات کی طالبہ ملالہ یوسف زئی کو دس لاکھ روپے اور امن ایوارڈ دینے کا اعلان کیا ہے۔

وزیراعظم سیکرٹریٹ اسلام آباد سے جمعرات کی صبح جاری ہونے والے ایک بیان میں کہاگیا ہے کہ ملالہ یوسف زئی کو سوات میں طالبان کے عروج کے وقت بچوں کی حقوق کےلیے آواز اٹھانے پر پانچ لاکھ روپے اور امن یوارڈ دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔

بیان کےمطابق سید یوسف رضا گیلانی نے ہدایت کی کہ ہر سال قومی امن ایوارڈ کے نام سے ایک ایوارڈ جاری کیا جائے گا جو اٹھارہ سال سے کم بچوں بچیوں کو ان کے امن اور تعلیم کےلیے خدمات کے صلے میں دیا جائے گا۔

دریں اثناء وزیراعظم کے اعلان کے بعد خیبر پختون خوا کے وزیراعلی امیر حیدر خان ہوتی نے بھی ملالہ یوسف زئی کو عالمی امن ایوارڈ کےلیے نامزدگی پر پانچ لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔

خیال رہے کہ سوات کی تیرہ سالہ طالبہ ملالہ یوسف زئی کو حال ہی میں ہالینڈ کی بین الاقوامی تنظیم’ کڈز رائٹس‘ کی طرف سے اس سال ’ انٹرنیشنل چلڈرن پیس پرائس‘ کے لئے نامزد کیا گیا ہے۔ وہ پہلی پاکستانی بچی ہیں جنھیں اس ایوارڈ کےلیے نامزد کیا گیا ہے۔

ملالہ یوسف زئی کا تعلق صدر مقام مینگورہ شہر سے ہیں۔ سوات میں دوہزار نو میں فوجی آپریشن سے پہلے حالات انتہائی کشیدہ ہوگئے تھے اور مولانا فضل اللہ کے حامی جنگجو وادی کے بیشتر علاقوں پر قابض تھے جبکہ بچیوں کی تعلیم پر بھی پابندی لگائی گئی تھی۔ یہ ایسا وقت تھا جب مینگورہ شہر سے روزانہ گلہ کٹی یا لٹکائی ہوئی لاشیں ملتی تھیں جبکہ کوئی طالبان کے خوف کی وجہ سے میڈیا میں بھی بات نہیں کرسکتا تھا۔

ایسے میں ملالہ یوسف زئی نے بچی ہوکر بھی انتہائی جرات کا مظاہرہ کیا اور مینگورہ سے ’گل مکئی‘ کے فرضی نام سے بی بی سی اردو سروس کےلیے باقاعدگی سے ڈائری لکھنا شروع کیا۔

اس ڈائری میں وہ سوات کے اندر ہونے والے واقعات اور طالبان کے ظلم و ستم کی کہانیاں لکھا کرتی تھیں۔ اس کے بعد اس ڈائری کو اتنی شہرت حاصل ہوئی کہ مقامی اور بین الاقوامی ذرائع ابلاغ میں بھی باقاعدگی سے شائع ہونے لگی۔ اس کے علاوہ ملالہ یوسف زئی پر میڈیا کے دو بین الاقوامی اداروں نے دستاویزی فلمیں بھی بنائی جس میں انہوں نے کھل کر تعلیم پر پابندیوں کی بھر پور مخالف کی ۔

اسی بارے میں