’امریکی جنگ سے باہر نکلنے کا وقت آگیا‘

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption جنگ کی وجہ سے پاکستان کو ستر ارب ڈالر کا نقصان ہوا ہے: عمران خان

پاکستان تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان نے نیٹو حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت پاکستان سے کہا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ امریکہ کی جنگ سے باہر نکلا جائے۔

جنوبی پنجاب کے ضلع ملتان کے قریب شجاع آباد میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جن لوگوں کے لیے قربانیاں دی گئیں وہی لوگ آج ہماری چوکیوں پر حملہ کر رہے ہیں۔

تحریک کے انصاف کے سربراہ کا کہنا ہے کہ ڈالروں کی پوجا کرنے والوں نے ملک کو اس مقام کھڑا کردیا جہاں قربانیاں دلوائی اور اپنے لوگ بھی مروائے لیکن اس سب کے باوجود ہمارے اہلکاروں کو حملہ کرکے مار دیا گیا ہے۔

ان کے بقول تعلیم کے شعبے سے پیسہ لے کر اسے فوجی آپریشن کے لیے استعمال کیا گیا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کی وجہ سے پاکستان کو ستر ارب ڈالر کا نقصان ہوا ہے ۔

تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا کہ آصف علی زرداری اور نواز شریف دونوں بھائی ہیں اور آپس میں نورا کشتی کھلتے رہے ہیں اور اب یہ خوف زدہ ہیں کہ تبدیلی کا سونامی آرہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تبدیلی کے سونامی کو کوئی جماعت نہیں روک سکتی۔

عمران خان نے حیرت کا اظہار کیا کہ مسلم لیگ نون کے سربراہ نواز شریف نے صدر آصف علی زرداری کے خلاف گو زرداری گو کی مہم شروع کی ہے لیکن ان کا تمام نزلہ تحریک انصاف پر گرتا ہے۔

اسی بارے میں