’جاوید ہاشمی تحریکِ انصاف میں شامل‘

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption کبھی عہدوں کی خواہش نہیں رہی اور نہ ہی کبھی عہدوں کا مطالبہ کیا ہے:جاوید ہاشمی

پاکستان مسلم لیگ نواز کے سینیئر رہنما مخدوم جاوید ہاشمی نے پاکستان تحریکِ انصاف میں شامل ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔

انہوں نے سنیچر کی صبح ملتان سے کراچی روانگی سے قبل ہوائی اڈے پر صحافیوں سے بات چیت کے دوران اس خبر کی تصدیق اور پھر کراچی میں منعقدہ پریس کانفرنس میں اس کا باضابطہ اعلان کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ انہیں نواز شریف سے نہیں بلکہ ان کی جماعت کی پالیسیوں سے اختلاف ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ ان کا انفرادی فیصلہ ہے اور ان کے ساتھ کوئی بھی ایم این اے تحریکِ انصاف میں شامل نہیں ہو رہا۔

اس سوال پر کہ انہیں پی ٹی آئی میں کیا عہدہ دیا جائے گا، جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ انہیں کبھی عہدوں کی خواہش نہیں رہی اور نہ ہی انہوں نے کبھی عہدوں کا مطالبہ کیا ہے۔

کراچی روانگی سے قبل مسلم لیگ نواز کے کارکنوں نے جاوید ہاشمی کو روکنے کی کوشش بھی کی تاہم وہ یہ کہتے ہوئے روانہ ہوگئے کہ کارکنوں کے لیے ان کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔

کراچی آمد کے بعد تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جاوید ہاشمی نے کہا کہ وہ سیاسی نظریے کی بنیاد پر تحریکِ انصاف میں شامل ہو رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک کے موجودہ حالات میں جس رفتار سے کام کرنے کی ضرورت ہے صرف تحریکِ انصاف ہی اس رفتار بلکہ اس سے زیادہ رفتار سے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اور ان کی صاحبزدای میمونہ ہاشمی قومی اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہو رہے ہیں۔

اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھا کہ جاوید ہاشمی نے ان کا ساتھ دینے کے لیے کوئی شرط نہیں رکھی اور یہی انقلاب ہے کہ لوگ حکومت کرنے والی جماعتوں سے ایسی جماعت میں آ رہے ہیں جس کی اسمبلی میں ایک نشست بھی نہیں ہے۔

جاوید ہاشمی کے تحریکِ انصاف میں شمولیت پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ نون کے سربراہ نواز شریف نے کہا کہ جاوید ہاشمی جہاں بھی گئے ہیں وہ ان کے لیے دعا گو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اچھا ہوتا کہ جاوید ہاشمی انہیں خداخافظ کہہ کرجاتے۔

جاوید ہاشمی سے قبل بھی حالیہ دنوں میں تحریکِ انصاف میں کئی سیاستدانوں نے شمولیت اختیار کی ہے جن میں شام محمود قریشی، جہانگیر ترین اور خورشید محمود قصوری جیسے افراد شامل ہیں۔

اسی بارے میں