ووٹر لسٹ: تصدیق کے لیے ایس ایم ایس سروس

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service

نادرا، الیکشن کمیشن اور ٹیلی کام کمپنیوں نے مل کر ایسی ایس ایم ایس سروس تیار کی ہے جس سے شہری انتخابی فہرستوں میں اپنا اندراج اور کوائف کے بارے میں معلومات حاصل کر سکیں گے۔

اس سروس کو متعارف کرانے کے لیے نادرا، الیکشن کمیشن اور ٹیلی کام کمپنیوں نے ایک معاہدے پر دستخط کیے۔ اس موقع پر ڈپٹی چیرمین نادرا طارق ملک نے ان ٹیلی کام کمپنیوں کو مبارکباد دی جنہوں نے قومی مفاد کے لیے اپنے پلیٹ فارم پیش کیا۔

انہوں نے بتایا کہ اس سروس کے بعد ووٹر پاکستان بھر میں کسی بھی جگہ سے باآسانی انتخابی فہرستوں میں اپنے اندراج کے بارے میں معلومات حاصل کرسکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس سروس کا مقصد الیکشن کمشن کو انتخابی قوانین کے مطابق خدمات انجام دینے میں جدید ٹیکنالوجی سے مدد فراہم کرنا ہے۔

طارق ملک نے مزید کہا کہ شہریوں پر بھی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ ان فہرستوں میں اپنے درست اندراج کی تصدیق کروائیں اور حکام کو کسی بھی غلطی سے اگاہ کریں۔

انہوں نے بتایا کہ الیکشن کمشن ملک بھر میں پچاس ہزار مقامات پر انتخابی قہرستوں کو آویزاں کرئے گا۔

نادرا کے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ یہ سروس ابتدائی غیر حتمی انتخابی فہرستوں کی اشاعت اور نمائش کے بعد شروع کی جائے گی۔

اسی بارے میں