’بڑھتی ہوئی مہنگائی پر چپ نہیں رہیں گے‘

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption نواز شریف نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نئے نئے لوگ نوجوانوں کو ورغلا رہے ہیں۔

پاکستان میں حزب مخالف کی بڑی سیاسی جماعت مسلم لیگ نون کے صدر نواز شریف نے لوگوں کو یہ یقین دلایا ہے کہ ملک میں بجلی اور گیس کی قیمیتوں میں اضافہ ہونے پر وہ چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

انہوں نے یہ اعلان پنجاب کے شہر گوجرانوالہ کے جناح سٹیڈیم میں ایک بڑے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

نواز شریف نے اپنے خطاب میں حکومت پر تنقید کی اور کہا کہ ملک میں توانائی کےبحران کی وجہ سے ایک طرف لوگوں کو بجلی اور گیس نہیں مل رہی اور دوسری طرف حکومت گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کررہی ہے۔

مسلم لیگ نون کے صدر نے یہ دعویْ کیا کہ اگر ان کی حکومت ختم نہ کی جاتی تو آج ملک میں توانائی کا بحران نہ ہوتا۔

نواز شریف نے اپنی تقریر میں تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا نام لیےبغیر ان پر نکتہ چینی کی۔ انہوں نے کہاکہ عوام کا یہ سیلاب ورلڈ الیون کو بہہ لے جائے گا۔

اس جلسے میں جہاں تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان پر نکتہ چینی کی وہیں اس میں جلسے میں عمران خان کے جلسوں کی طرز پر ملی نعمہ بھی شامل کیا گیا اور نواز شریف نے اپنی تقریر کے دوران جب وقفہ لیا تو اس کے وقت بھی ملی نعمہ بجایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کے پیسے پر ٹیکس لگانے کی باتیں کی جارہی ہے اور یہ باتیں وہ لوگوں کررہے ہیں جن کو یہ معلوم نہیں ہے کہ ملک کیسے چلتے ہیں۔

نواز شریف نے کہا کہ آج کل نئے نئے لوگ نوجوانوں کو ورغلانے کے لیے میدان میں آگئے ہیں لیکن بقول ان کے یہ نوجوان نواز شریف کے سپاہی ہیں۔

جلسے میں مسلم لیگ نون کے کارکنوں نے قومی پرچم اور اپنی جماعت کے جھنڈوں کے ساتھ شرکت کی جبکہ اس جلسے میں بچے بھی شامل تھے۔

مسلم لیگ نون کے صدر نے اپنے بھائی وزیر اعلیْ پنجاب شہباز شریف کی تعریف کی اور کہا کہ وفاقی حکومت مہنگائی کا ملبہ صوبائی حکومت پر نہ ڈالے۔

جلسے سے قومی اسمبلی میں قائد حزب مخالف چودھری نثار علی خان نے عمران خان پر تنقید کی اور کہا کہ جنرل پرویز مشرف کی بی ٹیم کےکندھوں پر چڑھ کر انقلاب کی باتیں کی جارہی ہیں۔

انہوں نے عمران خان کو چیلنج کیا کہ وہ مسلم لیگ نون کی طرح جناح سٹیڈیم میں اتنا بڑا جلسہ نہیں کرسکتے تو ان کا مقابلہ کیا کریں گے۔

اسی بارے میں