گیلانی عوام سے معافی مانگیں: شہباز شریف

شہباز شریف: فائل فوٹو تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption شہباز شریف نے الزام لگایا کہ وزیرِ اعظم ایسے بیانات صدر کے کہنے پر دے رہے ہیں

پنجاب کے وزیر اعلیٰ اور مسلم لیگ نون کے رہنما شہباز شریف نے وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوج کے بارے میں دیے گئے اپنے بیان پر وضاحتیں پیش کرنے کے بجائے اسے واپس لیں اور عوام سے معافی مانگیں۔

ایک بیان میں وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ حکمران ٹولہ فوج اور عدلیہ جیسے قومی اداروں کے خلاف تصادم کی راہ پر چل کر اپنی تباہی کو آواز دے رہا ہے اور فوج کے بارے میں وزیر اعظم کا بیان پیپلز پارٹی کی قیادت کی مہم کا حصہ ہے۔

شہباز شریف نے الزام لگایا کہ یہ بیان صدر آصف علی زرداری کے ایماء پر جاری کیا گیا ہے اور بقول ان کے یہ بیان صدر آصف زرداری کے ایسے ہی حالیہ اقدامات اور بیانات کی توسیع کے سوا اور کچھ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اداروں کے خلاف اپنی جنگ کے لیے پارلیمنٹ کواستعمال کرنے کی کوشش کر رہی ہے جسے کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ جمہوریت پر شب خون مارنےوالے آمروں نے نہ صرف ملک کو تباہ کیا بلکہ پاک فوج کی نیک نامی اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بھی نقصان پہنچایا۔

انہوں نے مزید کہا کہ چند طالع آزماؤں کی بدعمالیوں کی وجہ سے فوج کی ملک کے لیے بے مثال قربانیوں کو تضحیک کا نشانہ بنانے اور اس کے حوصلوں کو کمزور کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

اسی بارے میں