’جعلی جنرل‘ کا سات روزہ ریمانڈ

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption پولیس نے ملزم کے قبضے سے فوجی وردی بھی برآمد کی ہے(فائل فوٹو)

کراچی میں پولیس نے خود کو پاکستانی فوج کا جنرل ظاہر کرنے والے شخص کا سات روزہ ریمانڈ حاصل کر لیا ہے۔

مقصود شاہ نامی اس شخص کو ملیر کینٹ کے علاقے سےگرفتار کیا تھا اور ان کی گاڑی سے بریگیڈئر رینک کی وردی اور کاشنکوف برآمد کی تھی۔

پولیس کے انٹی وائلنٹ کرائم سیل نے مقصود شاہ کے خلاف دھوکہ دہی کے الزام میں چار مقدمات درج کیے تھے اور جمعہ کو مقامی عدالت سے ان کا سات روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کیا گیا۔

اینٹی وائلنٹ کرائم سیل کے ایس پی غلام سبحانی کا کہنا ہے کہ ملزم اپنی شناخت بطور پاکستان فوج کےجنرل یا بریگیڈیئر کراتا تھا اور عوامی شکایت پر اسے گرفتار کیا گیا۔

پولیس نے مقصود شاہ کے بارے میں مزید تفصیلات بتانے سے انکار کیا اور بتایا کہ وہ ایک نجی ہپستال میں ڈائریکٹر تعینات تھے۔

پولیس کا دعویٰ ہے کہ مقصود شاہ صوبائی وزراء آغا سراج درانی، ایاز سومرو اور گورنر ہاؤس سے سرکاری ملازمین کے تبادلے کراتا اور پلاٹوں کے اجازت نامے حاصل کیا کرتا تھا۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق مقصود شاہ نے حال ہی میں انتقال کرنے والے پیر پگارا کے جنازے میں بھی فوجی وردی پہن کر شرکت کی تھی۔