نہ جھکے ہیں، نہ بِکے ہیں: وزیرِاعظم گیلانی

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption جس اقتدار کے پیچھے عوام کی طاقت نہیں اس کو ٹھوکر ماردیں گے: گیلانی

پاکستان کے وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ انہیں اس بات سے کوئی سروکار نہیں ہے کہ وہ اقتدار میں ہوں یا اقتدار سے باہر ان کا مقصد عوام کی خدمت ہے۔

انہوں نے کہا ’ہم نے نظریہ کی سیاست کی ہے اور مشکلات کا سامنا کیا ہے اور جیلیں کاٹی ہیں لیکن نہ جھکے ہیں اور نہ بکے ہیں۔‘

وزیر اعظم نے کہا کہ اب وہ دن گزر گئے جب کارکن قربانیاں دیا کرتے تھے اب قربانیاں لیڈر دیں گے۔

پنجاب کے علاقے جڑانوالہ میں ایک جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئےانہوں نے کہا ’ہم نہیں چاہیں گے کہ کارکن قربانیاں دیں۔‘

وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کارکنوں کی جماعت ہے اور کارکنوں نے ہیمشہ مشکل ترین حالات میں بھی جماعت کا ساتھ دیا اور آمریت کا مقابلہ کیا۔

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ انہیں ماضی میں بھی اقتدار کی پیشکش ہوئی لیکن انہوں نے ایسی پیشکش قبول نہیں کی کیونکہ انہیں ایسے اقتدار کی ضرورت نہیں جس میں عوام کی تائید حاصل نہ ہو۔

وزیر اعظم کے بقول جس اقتدار کے پیچھے عوام کی طاقت نہیں اس کو ٹھوکر ماردیں گے۔

یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ وہ وزیر اعظم ہیں تو ذوالفقار علی بھٹو، ان کی بیٹی بینظیر بھٹو اور عوام کی وجہ سے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ہر جماعت یہ کہہ رہی ہے کہ وہ انقلاب اور تبدیلی لائے گی حالانکہ بقول ان کے ملک میں انقلاب بینظیر بھٹو لے کر آئیں تھیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہر جماعت یہ کہ رہی ہے کہ ہم سب کو شکست دے دیں گے اور کچھ تو یہ کہہ رہے ہیں کہ ایک بال پر دو تین وکیٹں لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان جماعتوں کو ابھی موقع ہی نہیں ملا جبکہ پیپلز پارٹی کو کئی بار موقع ملا ہے۔

وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے دعوٰی کیا کہ جنتی ترقی ان کے دور میں ہوئی ہے اتنی ترقی پہلے کبھی نہیں ہوئی۔

اسی بارے میں