سینیٹ:مسلم لیگ(ن) کے امیدواروں کا اعلان

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service

پاکستان میں حزب مخالف کی سیاسی جماعت مسلم لیگ نون نے آئندہ سینیٹ کے انتخابات کے لیے پنجاب کے وزیرِ خزانہ کامران مائیکل اور سابق گورنر سردار ذوالفقار کھوسہ سمیت سات امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا ہے۔

امیدواروں میں ایک خاتون رکن قومی اسمبلی کے علاوہ ریٹائر ہونے والے ایک سینیٹر اسحاق ڈار بھی شامل ہیں۔

مسلم لیگ نون کے اعلامیہ کے مطابق عام نشستوں کے لیے چار امیدواروں کو نامزد کیا گیا ہے جن میں ذوالفقار کھوسہ، ایم حمزہ، رفیق جیوانہ اور سردار ظفر علی شامل ہیں۔

لاہور سے نامہ نگار عبادالحق کے مطابق سردار ذوالفقار کھوسہ جنوبی پنجاب کے ضلع ڈیرہ غازی خان سے رکن پنجاب اسمبلی اور وزیراعلٰی شہباز شریف کے مشیر ہیں اور ان کے بیٹے اس وقت پنجاب اسمبلی کے رکن ہیں اور اس سے پہلے وہ وزیرِ اعلٰی پنجاب بھی رہ چکے ہیں۔

سردار ذوالفقار کھوسہ، سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کے دوسرے دورِ حکومت میں پنجاب کے گورنر بھی رہ چکے ہیں اور پہلی مرتبہ سینیٹ کے امیدوار نامزد ہوئے ہیں۔

رفیق رجوانہ کا تعلق جنوبی پنجاب کے ضلع ملتان سے ہے اور وہ اس سے پہلے بھی نواز شریف کے دوسرے دورِ حکومت میں سینیٹ کے رکن رہ چکے ہیں۔

وسطی پنجاب کے علاقے ٹوبہ ٹیک سنگھ سے تعلق رکھنے والے ایم حمزہ کا شمار سینیئر سیاست دانوں میں ہوتا ہے اور وہ رکن قومی اسمبلی کے علاوہ سینیٹ کے رکن بھی رہ چکے ہیں۔

مسلم لیگ نون نے ضلع بھکر کے ایک سیاسی خاندان سے تعلق رکھنے والے سردار ظفر اللہ کو بھی سینیٹ کے انتخابات کے لیے امیدوار نامزد کیا ہے۔ سردار ظفر قومی اسمبلی اور پنجاب اسمبلی دونوں کے رکن رہ چکے ہیں۔

ٹیکنوکریٹ نشست پر مسلم لیگ نون کے ریٹائر ہونے والے سینیٹر اسحاق ڈار کو نامزد کیا گیا ہے۔ وہ تیسری بار سینیٹ کا انتخاب لڑ رہے ہیں۔ پہلی بار اسحاق ڈار سنہ دو ہزار تین میں سینیٹر منتخب ہوئے اور تین سال کے بعد یعنی دو ہزار چھ میں وہ دوبارہ سینیٹ کے رکن بنے۔

اسحاق ڈار مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف کے قریبی رشتہ دار ہیں اور پاکستان کے وزیرِ خزانہ بھی رہ چکے ہیں۔

سینیٹ میں اقلیتی نشست کے لیے پنجاب کے وزیرِ خزانہ کامران مائیکل کو نامزد کیا گیا ہے۔ کامران مائیکل کے پاس صوبائی وزارتِ خزانہ کے ساتھ ساتھ انسانی حقوق کا قلمدان بھی ہے۔

خواتین کی نشست کے لیے مسلم لیگ نون نے قومی اسمبلی کی رکن نزہت عامر صادق کو امیدوار نامزد کیا ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی رہائشی نزہت صادق کے سُسر شیخ مسعود صادق جنرل ایوب کے دور میں پنجاب کے وزیرِ خزانہ تھے۔

اسی بارے میں