سپلگاہ میں ڈرون حملہ، چھ ہلاک

فائل فوٹو تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption حالیہ دنوں میں دوسری مرتبہ ڈرون طیاروں نے سپلگاہ کو نشانہ بنایا ہے

پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں امریکی جاسوس طیارے کے میزائل حملے میں چھ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

پاکستان کے سرکاری ٹی وی کے مطابق یہ حملہ سپلگاہ کے علاقے میں جمعرات کی صبح ہوا۔

حملے میں ایک مکان پر دو میزائل داغے گئے جس سے مکان کو شدید نقصان پہنچا۔

خیال رہے کہ حالیہ دنوں میں شمالی وزیرستان کا علاقہ ہی ڈرون حملوں کا ہدف رہا ہے اور ڈرون طیاروں نے رواں ماہ دوسری مرتبہ سپلگاہ کو نشانہ بنایا ہے۔

اس سے قبل آٹھ فروری کو بھی اسی علاقے میں شدت پسندوں کے ایک مرکز پر میزائل حملے میں دس شدت پسند ہلاک ہوئے تھے۔

پاکستان کے قبائلی علاقوں میں کئی سالوں سے شدت پسندوں کے خلاف ڈرون حملوں کا سلسلہ جاری ہے تاہم گزشتہ برس نومبر میں سلالہ چیک پوسٹ پر نیٹو افواج کے حملے کے بعد ان میں عارضی تعطل آ گیا تھا۔

امریکی غیر سرکاری اداروں کے اعداد و شمار کے مطابق وفاق کے زیرِ انتظام قبائلی علاقوں میں دو ہزار چار سے لے کر اب تک کل دو سو پچاسی سے زائد امریکی ڈرون حملے ہوچکے ہیں جن میں ہزاروں افراد مارے جا چکے ہیں۔

اسی بارے میں