خیبر ایجنسی: دھماکے میں دو ہلاک

پاکستان کے قبائلی علاقے خیبر ایجنسی میں تحصیل باڑہ کے علاقے قمبر آباد میں ایک دھماکے میں کم سے کم دو خواتین ہلاک اور پانچ بچوں سمیت سات افراد زخمی ہوگئے ہیں۔سرکاری اہلکاروں کا کہنا ہے کہ دھماکہ ایک گاڑی کے قریب ہوا۔

اہلکاروں نے بتایا کہ نامعلوم افراد نے دھماکہ خیز مواد سڑک کے کنارے ایک مکان کے سامنے نصب کیا تھا اور جب یہ گاڑی ادھر سے گزر رہی تھی تو دھماکہ ہو گیا۔

پشاور سے نامہ نگار عزیز اللہ خان کے مطابق ایک اطلاع یہ بھی ہے کہ دھماکہ اس وقت ہوا جب کچھ خواتین اور بچے وہاں سے گزر رہے تھے تاہم یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ اس دھماکے کا نشانہ کون تھا۔

یاد رہے تحصیل باڑہ کے شلوبر قوم کے علاقے میں اس وقت فوجی آپریشن جاری ہے جہاں بڑی تعداد میں لوگوں نے نقل مکانی کر چکے ہیں۔

باڑہ کے مختلف مقامات پر کرفیو بھی نافذ رہتا ہے جبکہ سکول اور تجارتی مراکز بند ہیں۔

خیبر ایجنسی کے مختلف مقامات پر فوجی آپریشن اور شدت پسند تنظیموں کے مابین جھڑپوں کی وجہ سے ایسے افراد کو پشاور اور دیگر علاقوں میں بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے جن کا تعلق کسی حوالے سے مخالف تنظیم سے رہا ہو۔

اسی بارے میں