’بلوچوں کے مسئلے کے حل تک چین سے نہیں بیٹھیں گے‘

شہباز شریف تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption بلوچ مسئلے پر پنجاب پوری طاقت سے آواز اٹھائے گا: وزیرِ اعلی پنجاب

وزیرِ اعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف کا کہنا ہے کہ بلوچ قوم سے کی گئی زیادتیوں کے ازالے کا وقت آ گیا ہے اور اگر اب ہم نے غفلت دکھائی تو تاریخ ہمیں معاف نہیں کرے گی۔

یہ بات وزیرِ اعلی پنجاب میاں شہباز شریف نے پنجاب اسمبلی سے خطاب کے دوران کہی۔

وزیرِ اعلی کا کہنا تھا کہ اب بلوچستان کے مسئلے پر کمیٹی بنا کر ایک متفقہ قرار داد لانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے مسئلے پر پورا پنجاب پوری طاقت سے آواز اُٹھائے گا اور جب تک بلوچ قوم کے مسائل ان کی تسلی کے مطابق حل نہیں ہو گئے پنجاب تسلی سے نہیں بیٹھے گا۔

میاں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اکبر بگٹی کو بغیر کسی وجہ کے قتل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ آج تک بلوچستان کے مسائل کو صرف کاغذی کارروائی تک محدود رکھا گیا۔

شہباز شریف نہ کہا کہ اگر ہم نے اقوام عالم میں پاکستان کے طور پر زندہ رہنا ہے، اور اپنی غلطیوں کا ازالہ کرنا ہے، آنے والی نسلوں کے آگے ہم نے شرمندہ نہیں ہونا، بھکاری نہیں بننا اور اپنے پاؤں پر کھڑے ہونا ہے تو بلوچستان کے مسائل کو حل کرنا ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم کو مشرقی پاکستان سے سبق سیکھنا چاہیے اور پاکستان کو بچانے کے لیے اگر ہمیں بلوچ قوم کے پاؤں بھی پڑنا پڑے تو پڑیں گے۔

اسی بارے میں