پاکستان کو ایک ارب نو کروڑ ڈالر کا قرضہ

تصویر کے کاپی رائٹ d
Image caption پاکستان میں موسم گرما کے دوران بجلی کی لوڈشیڈنگ میں نمایاں اضافہ ہو جاتا ہے

عالمی بینک نے پاکستان کو پن بجلی پیدا کرنے اور کم پانی کے استعمال سے زرعی پیداوار بڑھانے کے دو منصوبوں کے لیے ایک ارب نو کروڑ ڈالر کا آسان شرائط پر قرضہ منظور کیا ہے۔

اس رقم سے 84 کروڑ ڈالر تربیلا ڈیم کے توسیعی منصوبے کے لیے ہیں، جس کے تحت پانی سے چودہ سو دس میگا واٹ بجلی پیدا کی جائے گی جبکہ پچیس کروڑ ڈالر پنجاب میں پانی کے مناسب استعمال سے زرعی پیداوار بڑھانے کے منصوبے پر خرچ ہوں گے۔

پاکستان کو تربیلا کے توسیعی منصوبے کا قرضہ اکیس برس کے لیے دیا گیا ہے اور چھ سال مزید اس میں اضافہ ممکن ہے۔ جبکہ پنجاب کے منصوبے کے لیے قرضہ پچیس برس تک قابل واپسی ہوگا اور اضافی مدت پانچ سال طے پائی ہے۔

اس قرضے پر سود اور سروس چارجز کے مد میں دو فیصد ادا کرنے ہوں گے۔

اسلام آباد میں بی بی سی کے نامہ نگار اعجاز مہر کے مطابق عالمی بینک کے پاکستان میں سربراہ مسٹر ریچڈ بینمسود کا کہنا ہے کہ موسم گرما میں جب پاکستان میں بجلی کی قلت بڑھ جاتی ہے اور دریاؤں میں پانی کا بہاؤ زیادہ ہوتا ہے اس وقت تربیلا توسیعی منصوبے سے چودہ سو دس میگا واٹ بجلی پیدا ہوگی۔

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption پاکستان میں گزشتہ کافی عرصے سے بجلی کا بحران جاری ہے اور بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف کئی پرتشدد مظاہرے ہو چکے ہیں

عالمی بینک کا کہنا ہے کہ پاکستان میں جہاں وسیع پیمانے پر بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے عام آدمی کی زندگی متاثر ہوتی ہے وہاں معیشت کل ملکی پیداوار یعنی ’جی ڈی پی‘ کی دو فیصد متاثر ہوتی ہے۔

پاکستان میں پانی سے سستی بجلی پیدا کرنے کے وسیع مواقع موجود ہیں لیکن پیداوار صرف پندرہ فیصد تک ہے۔

پنجاب میں زراعت کے لیے پانی کے مناسب استعمال کے منصوبے کے بارے میں عالمی بینک کے پانی کے ایک ماہر مسعود احمد کا کہنا ہے کہ پچیس کروڑ ڈالر کی رقم سے ایک لاکھ بیس ہزار ایکڑ کے رقبے کو ’ڈرپ اینڈ سپرنکلر ایریگیشن سیسٹم‘ میں شامل کیا جائے گیا۔

عالمی بینک کا کہنا ہے کہ پاکستان میں پانی کی دستیابی کم ہو رہی ہے اور طلب میں اضافہ ہو رہا ہے۔ نہر سے کھیت تک پانی پہنچانے والے واٹر کورسز کی خراب صورتحال کی وجہ سے کافی مقدار میں پانی ضائع ہوتا ہے اس لیے اس ٹیکنالوجی کے استعمال سے کافی بہتری آئے گی۔

اسی بارے میں