بس حادثہ: نو افراد ہلاک، پچاس زخمی

فائل فوٹو، بس حادثہ

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے ضلع شیخوپورہ میں ایک مسافر بس کے الٹنے سے کم از کم نو افراد ہلاک اور پچاس سے زائد زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق بس سانگلہ ہل سے لاہور جا رہی تھی کہ تیز رفتاری کے باعث حادثے کا شکار ہو گئی۔

ریسکیو حکام کے مطابق بس الٹے سے نو مسافر موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ زخمیوں کو مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مسافروں سے بھری بس صفدر آباد کے قریب اس وقت حادثے کا شکار ہوئی جب ایک موڑ کاٹتے ہوئے بس تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوگئی۔

نامہ نگار عبادالحق کے مطابق مقامی پولیس کے مطابق تیز رفتاری کی وجہ سے بس الٹ گئی اور قلابازیاں کھاتی ہوئے کھائی میں گرگئی۔

ریسکیو حکام نے بتایا کہ جن زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے ان میں سے کچھ کی حالت تشویش ناک ہے۔

حادثے کے کچھ دیر بعد ہی مقامی حکام جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو بس سے باہر نکالنے کا کام شروع کردیا جبکہ سرکاری ریسکیو سروس ڈبل ون ڈبل ٹو کے اہلکاروں نے امداد کارروائی کرتے زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی۔

اسی بارے میں