صدر زرداری نجی دورے پر بھارت جائیں گے

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters

پاکستان کے صدرآصف علی زرداری آئندہ اتوار کو ایک روزہ نجی دورے پر بھارت جا رہے ہیں۔

صدر کے ترجمان سینیٹر فرحت اللہ بابر نے بی بی سی کی نامہ نگار ارم عباسی سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدر زرداری دورے کے دوران ہندوستان کی ریاست راجستھان میں واقع خواجہ معین الدین چشتی کی درگاہ پر جائیں گے۔

سینیٹر فرحت اللہ بابر کے مطابق صدر زرداری ایک روزہ نجی دورے پر رواں ماہ کی آٹھ تاریخ کو بھارت جا رہے ہیں۔

صدارتی ترجمان کے مطابق صدر زرادری نے بھارت کے وزیراعظم من موہن سنگھ کی جانب سے ظہرانے کی دعوت قبول کر لی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’صدر کے دورے کے حوالے سے دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان بات چیت ہو چکی ہے۔‘

یاد رہے گزشتہ سات برسوں میں پاکستان کے کسی بھی سربراہ کی جانب سے یہ بھارت کا پہلا دورہ ہو گا۔

اس سے پہلے صدر زرداری کو گزشتہ سال بھارتی وزیراعطم من موہن سنگھ نے کرکٹ کے عالمی کپ کا موہالی میں کھیلے جانے والے سیمی فائنل میچ دیکھنے کی دعوت دی تھی تاہم صدر زرداری پاکستان اور بھارت کے مابین کھیلا جانے والا سیمی فائنل دیکھنے نہیں گئے تھے۔

ماہرین کے مطابق اگرچہ صدر زرادری نجی دورے پر بھارت جا رہے ہیں لیکن دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں کسی ممکنہ اہم پیش رفت کے حوالے سے یہ دورہ پس پردہ سفارت کاری کا کردار ادا کر سکتا ہے۔

اسی بارے میں