’مالکانہ حقوق مرحلہ وار حل ہوں گے‘

تصویر کے کاپی رائٹ PID

صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے اعلان کیا ہے کہ پنجاب میں اوکاڑہ ملٹری فارم کے مزارعین کو زمین اور مکانوں کے مالکانہ حقوق دینے کے مسئلے کو مرحلہ وار حل کیا جائے گا۔

پنجاب کے علاقے دیپالپور میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پہلے مرحلے میں مزارعین کے مکانوں اور دوسرے مرحلے میں ان کی زمین کے مسئلے کو حل کیا جائے گا۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ سیاچن سے یکطرفہ فوجیں واپس نہیں بلائی جاسکتیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ’اگر وہ (بھارت) واپس آئیں تو ہم بھی واپس آسکتے ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ فوجوں کی یکطرفہ واپسی کیسے ہوسکتی ہے۔ ’وہ دس برسوں سے ایسے ہی نہیں بیٹھے تھے اور اب ان سے کہا جائے کہ واپس آجاؤ آپ وہاں رہ نہیں سکتے۔‘

انہوں نے مزید کہا ’اگر ہم سیاچن میں مشکل میں ہیں تو وہ بھی آرام سے نہیں بیٹھے، وہ بھی تکلیف میں ہیں۔ ہمیں کم تکلیف ہے اور ان کو زیادہ تکلیف ہے۔‘

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ بھارت کے ساتھ مذاکرات ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملتان سے بھارت کا زمینی راستہ کھولنے کے معاملے کا جائزہ لیا جاسکتا ہے۔

اسی بارے میں