اسلحہ سمگلنگ، شازین بگٹی دوبارہ گرفتار

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption شازین بگٹی کو آٹھ مئی کوسیشن کورٹ میں پیش کیا جائے گا، پولیس

بلوچ سردار نواب محمد اکبر خان بگٹی کے پوتے اور جمہوری وطن پارٹی بلوچستان کے صدر شازین بگٹی کو پولیس نے بھاری اسلحہ کوئٹہ سمگل کرنے کے الزام میں دوبارہ گرفتار کرلیا۔

یہ گرفتاری سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم پر عمل میں آئی۔

کوئٹہ سے بی بی سی کے نامہ نگار ایوب ترین کے مطابق سنیچر کو کوئٹہ میں پولیس نے جمہوری وطن پارٹی بلوچستان کے صدر شازین بگٹی کو پولیس نے گرفتار کیا۔

شازین بگٹی کی گرفتاری کے لیے ڈپٹی انسپکٹر آپریشن کوئٹہ قاضی واحد کی موجودگی میں پولیس کی بھاری نفری زرغون روڈ پر واقع ان کی رہائشگاہ کے قریب موجود رہی۔

بعد ازاں صوبائی وزیرِ داخلہ میر ظفر زہری نے شازین بگٹی سے ایک گھنٹے ملاقات کی اور انہیں گرفتاری دینے پر راضی کیا اور اس کے نتیجے میں پولیس نے شازین بگٹی کو ان کے چھبیس ساتھیوں سمیت گرفتار کر کے ڈسٹرکٹ جیل کوئٹہ منتقل کردیا۔

اس موقع پر جمہوری وطن پارٹی کے کارکنوں نے حکومت کے خلاف اور شازین بگٹی کے حق میں شدید نعرہ بازی کی۔

گرفتاری سے قبل صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے شازین بگٹی نے صوبائی حکومت اور عدلیہ کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ عرصہ دراز سے بگٹی قبیلے کے افراد سے زیادتی ہو رہی ہے پہلے ان کے دادا نواب محمد اکبرخان بگٹی کو ہلاک کیا گیا اور اب ان پر اسلحہ اسمگلنگ کا بے بنیاد الزام عائد کر کےگرفتار کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم گرفتاریوں سے گھبراتے نہیں ہیں لیکن میرے کیس کوکمزور کرنے کے لیے حساس اداروں نے میرے وکیل مکیش کوہلی ایڈوکیٹ کو لاپتہ کیا ہے۔

پولیس کے مطابق شازین بگٹی کو آٹھ مئی کو سیشن کورٹ میں پیش کیا جائے گا جہاں وہ دوبارہ ضمانت کے لیے درخواست دیں گے۔

یاد رہے کہ شازین بگٹی کوبائیس دسمبر سنہ دو ہزار دس میں فرنٹئیرکور نے بلیلی چیک پوسٹ پر اس وقت گرفتار کیا تھا جب وہ ایک قافلے کی صورت میں قلعہ عبداللہ سے کوئٹہ کی طرف آ رہے تھے۔

فرنٹیئرکور کے مطابق اس وقت شازین بگٹی اور ان کے ساتھیوں سے بڑی مقدار میں بھاری اسلحہ برآمد ہوا تھا جس میں راکٹ لانچر اور اینٹی ائیرکرافٹ گن بھی شامل تھی جس پر شازین بگٹی کو گرفتار کیا گیا تاہم بعد میں بلوچستان ہائی کورٹ نے انہیں ساتھیوں سمیت ضمانت پر رہا کردیا تھا۔

سپریم کور ٹ آف پاکستان کے چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے اس ماہ کے اوائل میں شازین بگٹی اور ان کے ساتھیوں کی ضمانت منسوخ کرتے ہوئے پولیس کو شازین بگٹی کی گرفتاری کا حکم دیا تھا۔

اسی بارے میں