کوئٹہ: فائرنگ سے سینیئر پولیس افسر ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption سیٹلائٹ ٹاؤن کے علاقے میں ماضی میں بھی پولیس گاڑیوں پر حملے ہوئے ہیں

بلوچستان کے دارلحکومت کوئٹہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک سینیئر پولیس افسرہلاک ہوگیا ہے۔

کوئٹہ سے بی بی سی کے نامہ نگار ایوب ترین کے مطابق منگل کی صبح سیٹلائٹ ٹاؤن کوئٹہ میں ایک موٹرسائیکل پر سوار دو نامعلوم افراد نے ایس ایس پی (سی آئی ڈی) شاہنواز خان پر اس وقت فائرنگ کی جب وہ واک کرنے کے بعد واپس گھر کی طرف جارہے تھے۔

فائرنگ سے وہ شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔

اس واقعہ کے بعد پولیس نے شہر کی ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش شروع کر دی لیکن آخری اطلاع تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی تھی اورنہ ہی کسی تنظیم نے اس واقعہ کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

دوسری جانب پولیس لائن میں ایس ایس پی شاہنواز خان کی نمازجنازہ ادا کر دی گئی جس میں انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان راؤ ہاشم کے علاوہ دیگر اعلیٰ پولیس افسران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

خیال رہے کہ اس سے قبل بھی سریاب اور سیٹلائٹ ٹاؤن کے علاقے میں پولیس گاڑیوں پر حملے ہوئے ہیں جن میں اب تک کئی پولیس اہلکار اور افسران ہلاک ہو چکے ہیں۔

اسے زیادہ ترحملوں کی ذمہ داری کالعدم تنظیم لشکرِ جھنگوی نے قبول کی ہے۔

اسی بارے میں