بیلسٹک میزائل حتف تین کا کامیاب تجربہ

پاکستان نے جوہری ہتھیار لیجانے کی صلاحیت کے حامل اور کم فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل حتف تین کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔

پاکستانی فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق حتف تین’غزنوی‘ بلسٹک میزائل اپنے ساتھ روایتی اور جوہری ہتھیار لیجانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

بیان کے مطابق میزائل دو سو نوے کلومیٹر فاصلے تک مار کر سکتا ہے۔

میزائل تجربہ فوج کی سٹریٹیجک فورس کمانڈ کی سالانہ فیلڈ مشقوں کے اختتام پر کیا گیا۔

ان مشقوں کا مقصد سٹریٹیجک میزائل گروپ کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لینا تھا۔

بیان کے مطابق جمعرات کو میزائل کے تجربے کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل خالد شمیم وائین، ڈائریکٹر جنرل سٹریٹیجک پلانز ڈویژن لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ خالد احمد قدوائی، کمانڈر آرمی سٹریٹیجک فورس کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل طارق ندیم گیلانی، مسلح افواج کے اعلیٰ افسران، سائنسدانوں اور سٹریٹیجک اداروں کے انجینئیرز نے دیکھا۔

میزائل کے تجربے کی کامیابی اور درستگی سے اپنے ہدف کو نشانہ بنانے پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل خالد شمیم وائین نے سائنسدانوں کو مبارکباد دی۔

انہوں نے اس موقع پر کہا کہ مسلح افواج پاکستان کے خلاف کسی بھی جارحیت کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔

اس کے علاوہ وزیراعظم گیلانی اور صدر زرداری میزائل کے کامیاب تجربے پر سٹریٹیجک فورس کمانڈ، سائنسدانوں اور انجینیئرز کو مبارکباد دی ہے۔

اس سے پہلے گزشتہ مارہ اپریل کی پچیس تاریخ کو درمیانی فاصلے تک مار کرنے والے میزائل حتف چہارم کا کامیاب تجربہ کیا تھا۔

اس تجربے سے چند دن پہلے بھارت نے انیس اپریل کو جوہری ہتھیار لے جانے والے بین البراعظمی بلسٹک میزائل اگنی پانچ کا تجربہ کیا ہے جس کی مار پانچ ہزار کلومیٹر سے بھی زیادہ ہے۔

پاکستان اور بھارت اکثر اس قسم کے تجربات کرتے رہتے ہیں۔

اسی بارے میں