فوج کا تربیتی ہیلی کاپٹر دریا میں گرگیا

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption پاکستان میں حالیہ کچھ مہینوں میں عسکری اداروں کے طیاروں اور ہیلی کاپٹرز کی تباہی کے متعدد واقعات پیش آئے ہیں

پاکستان کے ضلع گجرات میں دریائے چناب میں گرنے والے فوجی ہیلی کاپٹر کو نکال لیا گیا ہے جبکہ اس میں سوار دو افراد کی تلاش کا کام جاری ہے۔

تربیتی مقاصد کے لیے استعمال ہونے والا آرمی ایوی ایشن کا یہ چھوٹا ہیلی کاپٹر بدھ کوگجرات کےگاؤں کوہلو وال کے قریب دریا میں گر گیا تھا۔

حکام کے مطابق ہیلی کاپٹر میں ایک پائلٹ اور ایک تربیتی افسر سوار تھے جن کے ہلاک ہونے کا خدشہ ہے۔

بی بی سی کی نامہ نگار مناء رانا سے بات کرتے ہوئےگجرات کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر راجہ بشارت نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر کی تلاش میں پاکستان آرمی، مقامی انتظامیہ اور پولیس نے مل کر کام کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہیلی کاپٹر گہرے پانی میں گرا اور ماہر غوطہ خوروں کی مدد سے اسے تلاش کیا گیا۔

پاکستان میں حالیہ کچھ مہینوں میں عسکری اداروں کے طیاروں اور ہیلی کاپٹرز کی تباہی کے متعدد واقعات پیش آئے ہیں۔

گزشتہ ہفتے بھی پاکستانی فضائیہ کے دو تربیتی طیارے صوبہ پختونخواہ کے ضلع نوشہرہ میں آپس میں ٹکرا کر تباہ ہو گئے تھے۔

اسی بارے میں