سکردو: فوجی ہیلی کاپٹر کو حادثہ، پانچ ہلاک

فائل فوٹو، ایم آئی سترہ ہیلی کاپٹر تصویر کے کاپی رائٹ RIA Novosti
Image caption فائل فوٹو، ایم آئی سترہ ہیلی کاپٹر

پاکستان کے شمالی علاقے سکردو میں پاکستانی فوج کے ایک ہیلی کاپٹر کے گر کر تباہ ہونے کے نتیجے میں ایک پائلٹ سمیت پانچ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

پاکستانی فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری ہونے والے والے ایک بیان کے مطابق ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر شمالی علاقے سکردو میں آزمائشی پرواز پر تھا کہ اس دوران سکردو میں رن وے پر اچانک گر کر تباہ ہو گیا۔

فوج کا کہنا ہے کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس حادثے میں ایک پائلٹ سمیت پانچ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ تاہم ہلاک ہونے والے دیگر چار افراد کے بارے میں نہیں بتایا گیا کہ وہ فوجی تھے یا سویلین۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ہیلی کاپٹر کے حادثے میں ایک پائلٹ سمیت تین افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

زخمیوں کو مقامی فوجی ہسپتال میں علاج کے لیے منتقل کر دیا گیا ہے۔

بیان میں حادثے کی وجوہات کے بارے میں نہیں بتایا گیا ہے۔

رواں سال مئی میں بھی صوبہ پنجاب کے ضلع گجرات میں دریائے چناب میں فوج کا ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا تھا۔

پاکستان میں حالیہ کچھ مہینوں میں عسکری اداروں کے طیاروں اور ہیلی کاپٹرز کی تباہی کے متعدد واقعات پیش آئے ہیں۔

مئی میں پاکستانی فضائیہ کے دو تربیتی طیارے صوبہ پختونخوا کے ضلع نوشہرہ میں آپس میں ٹکرا کر تباہ ہو گئے تھے۔

اسی بارے میں