فخرالدین جی ابراہیم کا نوٹیفیکیشن جاری

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption خرالدین جی ابراہم نے سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کے خلاف طیارہ سازش کیس کی سپریم کورٹ میں پیروی کی تھی

صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے فخرالدین جی ابراہیم کے چیف الیکشن کمشنر ہونے کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان میں حکمران اتحاد اور پارلیمنٹ میں موجود حزب اختلاف کی بڑی جماعتوں کے درمیان سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس فخرالدین جی ابراہیم کو بطور چیف الیکشن کمشنر مقرر کرنے پر اتفاق کیا تھا۔

پارلیمنٹ میں حزب مخالف کی بڑی جماعت پاکستان مسلم لیگ نون نے اس تعیناتی کو اپنی کامیابی قرار یا تھا۔

فخر الدین جج ابراہیم سپریم کورٹ کے جج کے علاوہ، سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس، گورنر سندھ، اٹارنی جنرل اور وفاقی وزیر قانون کے عہدوں پر بھی فائز رہے چکے ہیں۔ گورنر، اٹارنی جنرل اور وزیر قانون کے عہدوں سے انھوں نے حکومت سے اختلافات کے بعد استعفیٰ دے دیا تھا۔

نئے چیف الیکشن کمشنر کا عہدہ پانچ سال کے لیے ہوگا اس سے پہلے اس عہدے کی معیاد تین سال کے لیے تھی۔

اس سے پہلے چاروں صوبوں سے الیکشن کمیشن کا ایک ایک رکن پہلے ہی منتخب کیا جا چکا ہے۔

ملک میں چیف الیکشن کمشنر کا عہدہ کافی عرصے سے خالی تھا اور حامد علی مرزا کے عہدے کی معیاد ختم ہونے کے بعد اس عہدے پر سپریم کورٹ کے ججز نے قائم مقام الیکشن کمشنر کے طور پر بھی کام کیا۔ ان ججز میں جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کے علاوہ جسٹس میاں شاکراللہ جان بھی شامل ہیں۔

حکومت کا کہنا ہے کہ فخرالدین جی ابراہیم کے نام پر اتفاق رائے کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ کی قیادت کے درمیان لندن میں طے پانے والے میثاق جمہوریت کی تکمیل کی طرف ایک بڑا قدم ہے۔

اسی بارے میں