گوادر:کوسٹ گارڈ کیمپ پر حملہ چھ اہلکار ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ Getty

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کےعلاقے گوادر میں نامعلوم افراد کی جانب سے کوسٹ گارڈ کیمپ پر حملے میں چھ سکیورٹی اہلکار ہلاک اور تین زخمی ہوگئے ہیں۔

حکام کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر سول ہسپتال گوادر منتقل کردیا گیا۔

کوئٹہ سے بی بی سی کے نامہ نگار ایوب ترین کے مطابق بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر کے نواحی علاقے پشیگان میں سنیچر کے روز نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے گوسٹ گارڈ کے ایک کیمپ پر راکٹوں اور کلاشنکوفوں سے حملہ کردیا۔

اس حملے کے نتیجے میں چھ اہلکار ہلاک اور تین زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر علاج کے لیے سول ہسپتا ل گوادر منتقل کردیا گیا۔

واقعہ کے بعدنامعلوم مسلح حملہ آور فرار ہونے میں کا میاب ہوئے ہیں۔

گوادر سے مقامی صحافی بہرام بلوچ کے مطابق زخمیوں میں بھی بعض کی حالت تشویشناک ہے۔ واقعہ کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔ لیکن تاحال کوئی گرفتای عمل میں نہیں آئی ہے اور نہ ہی کسی نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی بلوچستان کے ساحلی علاقوں گوادر، جیونی اور پسنی میں کوسٹ گارڈ پر کئی حملے ہوچکے ہیں جس میں سے اکثر کی ذمہ داری بلوچ مزاحمت کاروں نے قبول کی ہے۔

اسی بارے میں