ہشام قندیل مصر کے نئے وزیر اعظم مقرر

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption نامزد وزیراعظم کا انقلاب سے پہلے اور بعد کسی سیاسی جماعت سے کوئی تعلق نہیں رہا

مصر کے سرکاری ٹی وی کے مطابق ملک کے صدر محمد مرسی نے وزیرِ پانی ہشام قندیل کو ملک کا نیا وزیر اعظم مقرر کرتے ہوئے انہیں نئی حکومت تشکیل دینے کی دعوت دی ہے۔

ہشام قندیل کا تعلق صدر مرسی کی جماعت اخوان المسلمین سے نہیں اور وہ مصر کی سیاست میں بھی زیادہ جانی پہچانی شخصیت نہیں ہیں۔

ان کا کیریئر بطور ٹیکنوکریٹ پانی اور انجینئرنگ کے محکموں میں تعینات رہ کرگزرا ہے۔ تاہم وہ حسنی مبارک کے اقتدار کے خاتمے کے بعد بننے والی کمال الغنوزی کی عبوری حکومت میں کابینہ کے رکن تھے۔

ہشام قندیل کی تقرری کا اعلان کرتے ہوئے مصری صدر کا کہنا تھا کہ ’ایک محب وطن اور غیرجانبدار شخصیت کا تقرر طویل مشاورت کے بعد عمل میں آیا ہے جس کا مقصد ایک ایسے شخص کا انتخاب تھا جو موجودہ حالات کو سنبھال سکے‘۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ نامزد وزیراعظم کا انقلاب سے پہلے اور بعد کسی سیاسی جماعت سے کوئی تعلق نہیں رہا۔

اطلاعات کے مطابق پچاس سالہ ہشام ملک کی وزارتِ عظمیٰ سنبھالنے والے سب سے کم عمر شخص ہوں گے۔

مصر کے صدر محمد مرسی کا تعلق اگرچہ اسلام پسند جماعت اخوان المسلمین سے ہے لیکن وہ کہہ چکے ہیں کہ ملک کی نئی حکومت میں خواتین اور عیسائیوں سمیت سب کو نمائندگی دی جائے گی۔

اسی بارے میں