ملتان: گودام میں دھماکہ، چھ افراد ہلاک

پاکستان کی پولیس کی ایک فائل فوٹو تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption اس واقعہ کے بعد علاقے کے ایس ایچ او کو معطل کردیا گیا ہے

جنوبی پنجاب کے ضلع ملتان میں آتش بازی کے سامان ے بھرے گودام میں دھماکہ ہونے کے نیتجے میں چھ افراد ہلاک اور نو زخمی ہوئے ہیں.مرنے والوں میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔

یہ واقعہ ملتان کے گنجان آباد علاقے حسین آگاہی کے ایک مکان میں پیش آیا جسے آتش بازی کا سامان رکھنے کے لیے گودام کے طور پر استعمال کیا جا رہا تھا۔

بی بی سی کے نامہ نگار عبادالحق نے بتایا ہے کہ دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اس سے تین منزلہ عمارت زمین بوس ہوگئی جبکہ دوسری عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

امدادی کارکنوں نے عمارت کے ملبے کے تلے دبے لوگوں کو باہر نکالا اور انہیں مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔زخمیوں میں خواتین کے ساتھ بچے بھی شامل ہیں۔

آتش بازی کے گودام میں اس وقت دھماکہ ہوا جب گودام کا مالک آتش بازی کا سامان گودام میں منتقل کر رہا تھا۔ دھماکہ سے عمارت تباہ ہوگئی جبکہ قریب ایک اور عمارت کو بھی شدید نقصان پہنچا کیونکہ اس عمارت میں بھی آتش بازی کا سامان رکھا ہوا تھا۔

امدادی کارکنوں نے متاثر ہونے والی دوسری عمارت کے گرنے کے خطرے کے پیش نظر اس عمارت کو گرا دیا۔

پولیس نے مکان کی مالکہ پروین بی بی اور ان کے شوہر ذوالفقار کے خلاف مقدمہ درج کر کے شوہر کو حراست میں لے لیا ہے۔

ادھر ملتان کے کیپیٹل پولیس آفیسر عامر ذوالفقار نے اس واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے علاقے کے ایس ایچ او کو معطل کردیا ہے جبکہ ڈی پی ایس کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

اسی بارے میں