کراچی: بم دھماکے میں ایک ہلاک، بارہ زخمی

آخری وقت اشاعت:  جمعـء 17 اگست 2012 ,‭ 14:31 GMT 19:31 PST

کراچی کی معروف شاہراہ یونیورسٹی روڈ پر ہونے والے ایک بم دھماکے میں ایک شخص ہلاک اور بارہ زخمی ہوگئے جن میں سے آٹھ کی حالت نازک ہے۔

جناح ہسپتال کی ڈاکٹر سیمی جمالی کے مطابق زخمیوں میں سے چھ افراد کو نیورو سرجری کے لیے داخل کیا گیا ہے جبکہ دو زخمی انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل کیے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا زیادہ افراد کے جسم کے بالائی حصے خاص کر سر پر شدید چوٹیں آئی ہیں، جبکہ دو افراد کے جسموں سے بال بیرنگ اور دھات کے ٹکڑے بھی برآمد ہوئے ہیں جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ بم دھماکا ہی تھا۔

نامہ نگار حسن کاظمی کے مطابق کراچی پولیس کے سربراہ اقبال محمود نے بم دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کے ای ایس سی کے گرڈ اسٹیشن کے ساتھ ہی ایک دیوار اندر یہ دیسی ساخت کا دھماکہ خیز مواد چھپا کے رکھا گیا تھا جو اس وقت پھٹا جب وہاں سے القدس ریلی میں شرکت کے لیے ایک بس اور کچھ گاڑیوں اور موٹر سائیکلز پر مشتمل چھوٹا سا قافلہ وہاں سے گزر رہا تھا۔ دھماکے سے بس اور ایک گاڑی تباہ ہوگئی جبکہ چار موٹر سائیکلز کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق اس دھماکے میں دو کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا تھا۔

کراچی پولیس چیف اقبال محمود کے مطابق ایم اے جناح روڈ پر ہر سال رمضان کے آخری جمعے کو القدس ریلی نکالی جاتی ہے اور ہماری پوری توجہ اس مرکزی ریلی کی حفاظت پر ہوتی ہے تاہم اس دھماکہ میں اس ریلی میں شرکت کی خاطر جانے والی ایک بس نشانہ بنایا گیا ہے ۔

ان کا کہنا تھا ایسی درجنوں بسیں شہر کے مختلف علاقوں سے القدس ریلی میں شرکت کے لیے روانہ ہوتی ہیں اور پولیس کو اس بارے میں کوئی اطلاع نہیں دی جاتی ۔

انہوں نے کہا کہ کراچی اتنا بڑا شہر ہے جس کے مختلف علاقوں میں پولیس حفاظت کے لیے تعینات رہتی ہے اور گشت بھی کرتی رہتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’اس طرح کے معاملات میں حفاظت کرنا بہت مشکل ہوتا ہے۔‘

القدس ریلی ہرسال رمضان کے آخری جمعے کو نکالی جاتی ہے جس کا اہتمام اہلِ تشیع کرتے ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے پہلے بھی کراچی میں شارع فیصل پر چہلم کے جلوس میں شرکت کے لیے جانے والی بس کو اسی انداز میں نشانہ بنایا جاچکا ہے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔