ہنگو:پولیس موبائل پر حملہ، تین اہلکار ہلاک

آخری وقت اشاعت:  جمعرات 23 اگست 2012 ,‭ 08:52 GMT 13:52 PST

ہنگو شہر میں گزشتہ چند مہنیوں کے دوران قتل کے واقعات میں بھی اضافہ ہوا ہے

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں حکام کا کہنا ہے کہ مسلح افراد کی جانب سے پولیس کی ایک موبائل گاڑی پر حملہ کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں تین پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ جمعرات کی صبح ہنگو شہر کے علاقے کوٹکی کے حدود میں مرکزی ہنگو ٹل سڑک پر پیش آیا۔

دریں اثناء کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

ہنگو پولیس کے سربراہ میاں سعید احمد نے بی بی سی کے نامہ نگار رفعت اللہ اورکزئی کو بتایا کہ پولیس کی ایک ٹیم معمول کےگشت پر تھی کہ سڑک کے کنارے واقع کوٹکی جنگل سے ان پر نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے خود کار ہتھیاروں سے فائرنگ کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ حملے میں تین پولیس اہلکار ہلاک ہوئے جن میں دو کانسٹیبل اور ایک ڈرائیور شامل ہیں۔ مرنے والوں میں ایک ایکس سروس مین بھی بتائے جاتے ہیں۔

پولیس سربراہ کا کہنا تھا کہ حملے کی زد میں آنے والی پولیس کی ٹیم ’ کوبرا‘ کے نام سے جانے جاتی ہے جو ہنگو ٹل سڑک پر پارہ چنار جانے والی گاڑیوں کو تحفظ فراہم کرتی ہے۔

پولیس افسر کا کہنا تھا کہ یہ دہشت گردی کا واقعہ ہے جس میں حملہ آور منصوبہ بندی کے ساتھ آئے تھے۔

ان کے مطابق واقعہ کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا اور اب تک دس مشتبہ افراد کو گرفتار کر کیا گیا تاہم اس واقعہ کی وجہ فوری طورپر معلوم نہیں ہوسکی۔

دریں اثناء کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان کے مرکزی ترجمان احسان اللہ احسان نے نامعلوم مقام سے بی بی سی کو ٹیلی فون کر کے پولیس اہلکاروں پر حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

خیال رہے کہ پارہ چنار جانے والی گاڑیاں ہنگو ٹل شاہراہ سے گزرتی ہیں ان گاڑیوں پر کچھ عرصہ پہلے تک ہنگو کی حدود میں مسلح حملے بھی ہوتے رہے ہیں جس کی وجہ سے مقامی انتظامیہ نے سڑک محفوظ بنانے کےلیے پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا تھا۔

ہنگو شہر میں گزشتہ چند مہنیوں کے دوران قتل کے واقعات میں بھی اضافہ ہوا ہے جبکہ شہر کے مختلف مقامات سے لاشیں بھی ملتی رہی ہیں جس سے علاقے میں بدستور خوف کی فضا پائی جاتی ہے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔