ملک اسحاق ایک بار پھر جیل پہنچ گئے

آخری وقت اشاعت:  جمعـء 31 اگست 2012 ,‭ 06:51 GMT 11:51 PST

ملک اسحاق پندرہ سال کی جیل کاٹنے کے بعد چند ماہ پہلے ہی رہا ہوئے تھے

لاہور میں پولیس نے کالعدم جماعت سپاہ صحابہ کے رہنما ملک اسحاق کو گرفتاری کے بعد جیل بھجوا دیا ہے۔

ملک اسحاق پر الزام ہے کہ انہوں نے چند ہفتے پہلے لاہور کے ایک جلسہ عام میں اشتعال انگیز تقریر کی تھی۔

کالعدم تنظیم سپاہ صحابہ کے رہنما ملک اسحاق کومقامی مجسٹریٹ نے چودہ روز کے لیے عدالتی تحویل میں کوٹ لکھپت جیل بھجوا دیا ہے۔

ایس پی ماڈل ٹاؤن لاہور نے ملک اسحاق کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بی بی سی کے نامہ نگار علی سلمان کو بتایا کہ انہیں جمعرات کے روز لاہور ایئر پورٹ سے وطن واپسی پر گرفتار کیا گیا۔

ملک اسحاق پر شیعہ مسلک کےتقریبا سوافراد کے قتل کے الزام تھا اور وہ ان چار افراد میں شامل ہیں جنہوں نے سولہ سال پہلے پاکستان میں ایک خفیہ تنظیم لشکر جھنگوی کی بنیاد رکھی تھی۔

پولیس کے مطابق یہ کالعدم تنظیم شیعہ مسلک کے افراد کے وسیع پیمانے پر قتل میں ملوث رہی ہے اور اب اس کے روپوش کارکنوں کے تعلق تحریک طالبان سے استوار ہوچکے ہیں۔ اس تنظیم کے قیام کے ایک ڈیڑھ سال کے اندر اس کے بانی امیر ملک اسحاق گرفتار ہوگئے تھے اورگذشتہ سال جولائی میں تقریبا پندرہ برس کی قید کاٹنے کے بعد ضمانت پر رہا ہوئے تھے۔

لاہور کے ایک سپرنٹڈنٹ آف پولیس نے بی بی سی کو بتایا کہ ملک اسحاق نے ماہ رمضان میں لاہورکے نواحی علاقے نشتر کالونی میں ختم نبوت کے ایک جلسے میں اشتعال انگیز تقریر کی تھی۔ سپیشل برانچ کی رپورٹ پر ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا تھا اور انہیں اسی مقدمے میں گرفتار کیا گیا ہے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔