کراچی: دو دھماکوں میں چھ افراد ہلاک

آخری وقت اشاعت:  منگل 18 ستمبر 2012 ,‭ 16:45 GMT 21:45 PST

دھماکے سے دو کاروں اور ایک موٹر سائیکل کو بھی نقصان پہنچا

پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں نارتھ ناظم آباد کے کمرشل علاقے حیدری میں دو بم دھماکوں میں چھ افراد ہلاک اور تیئیس زخمی ہوگئے ہیں۔

ہلاک شدگان میں چار مرد، ایک خاتون اور ایک دس سالہ بچی شامل ہے جبکہ زخمیوں میں بھی تین خواتین اور بچے شامل ہیں جو علاقہ مکینوں کے مطابق شام کے وقت خریداری کے لیے جمع تھے۔

دونوں دھماکے بوہرہ کمیونٹی کے رہائشی علاقے میں واقع ایک شاپنگ مال سے تقریباً دو سو میٹر دور واقع گرین بیلٹ میں ہوئے، جہاں پھلوں اور آئسکریم کے ٹھیلے موجود تھے۔

دھماکے سے دو کاروں اور ایک موٹر سائیکل کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ ایس پی وسطی کیپٹن عاصم قائم خانی کا کہنا ہے کہ لگتا ہے کہ ایک بم موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا، جس کی شدت زیادہ تھی اور اکثر ہلاکتیں اسی کے نتیجے میں ہوئی ہیں۔

بموں میں بڑے پیمانے پر چھرے استعمال کیے گئے تھے جن کے نشانات جائے وقوع کی دونوں اطراف کی دیواروں پر موجود ہیں۔

عینی شاہدین کے مطابق پہلا دھماکہ سات بج کر پانچ منٹ پر ہوا۔ لوگ ابھی زخمیوں کو اٹھا رہے تھے تو پانچ منٹ کے بعد دوسرا دھماکہ ہوا ۔

بی بی سی کے نامہ نگار کے مطابق صوبائی محکمہ صحت کے ترجمان نے چھ افراد کی ہلاکت اور تیئیس افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے، جنہیں عباسی شہید ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

ایس پی راجہ عمر خطاب نے جائے وقوع کا دورہ کرنے کے بعد کہا ہے کہ دھماکے کے لیے سات سے آٹھ کلو دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا ہے، جو اس سے پہلے فرقہ وارانہ شدت پسند تنظیمیں استعمال کرتی رہی ہیں۔

حیدری میں داؤدی بوہرہ کمیونٹی کی اکثریت آباد ہے جو زیادہ تر تجارت سے وابستہ ہے۔

ایس ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم کا کہنا ہے کہ ان کی ذاتی رائے میں اس دھماکے کا مقصد بوہری کمیونٹی کو ٹارگٹ کرنا تھا۔ ان کے مطابق ماہ رمضان میں اسی علاقے سے ایک بم بھی برآمد ہوا تھا، جس ناکارہ بنایا گیا۔

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔