’عمران کے دورۂ وزیرستان پر فیصلہ کر لیا‘

آخری وقت اشاعت:  پير 1 اکتوبر 2012 ,‭ 11:23 GMT 16:23 PST
عمران خان

طالبان کہہ چکے ہیں کہ عمران خان نے خود کو ’لبرل‘ کہہ کر ثابت کر دیا ہے کہ وہ امریکہ اور یورپ کے غلام ہیں

کالعدم تحریکِ طالبان پاکستان نے کہا ہے کہ عمران خان کے دورۂ وزیرستان کے حوالے سے حتمی فیصلہ کر لیاگیا ہے تاہم اس کا اعلان ریلی سے ایک دن پہلے کیا جائے گا۔

کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے مرکزی ترجمان احسان اللہ احسان نے نامہ نگار دلاور خان وزیر کو بتایا کہ سنیچر کو تحریک کی مرکزی شوریٰ کا ایک اہم اجلاس ہوا جس میں تحریک کے مرکزی رہنماؤں نے شرکت کی۔

انہوں نے کہا کہ اجلاس میں تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان کے دورے کے حوالے سے اپنا فیصلہ کر لیا گیا ہے تاہم اس کا اعلان وزیرستان جانے والی ریلی سے ایک دن پہلے کیا جائےگا۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ مقررہ وقت سے پہلے یہ نہیں بتا سکتے کہ ان کا فیصلہ عمران خان کے ریلی کے حق میں ہے یا ان کی مخالفت میں البتہ یہ بات واضح ہے کہ ریلی کے حوالے سے طالبان کا ایک فیصلہ ہوچکا ہے۔

اس بیان سے پہلے کچھ عرصہ پہلے تحریک طالبان پاکستان نے عمران خان پر الزام لگایا تھا کہ عمران خان نے خود کو ’لبرل‘ کہہ کر ثابت کر دیا ہے کہ وہ امریکہ اور یورپ کے غلام ہیں۔ طالبان نے کہا تھا کہ وہ عمران کی پالیسی سے مطمئن نہیں ہیں۔

یاد رہے کہ سنہ دو ہزار نو میں تحریکِ طالبان کے خلاف فوجی کارروائی کے بعد محسود قبائل کا علاقہ تقریباً خالی ہوگیا تھا لیکن گزشتہ دو سالوں کےدوران متاثرین کی واپسی کے بعد ٹانک کے قریب جنوبی وزیرستان کے سپنکئی، راغزئی، چگملائی، کوٹ کائی اور بروند کے علاقے دوبارہ آباد ہوگئے ہیں۔

بتایا جاتا ہے کہ دوبارہ آباد ہونے والے علاقوں میں مکمل طور پرامن قائم ہوچکا ہے جہاں گزشتہ ایک عرصے سے شدت پسندی کا کوئی واقعہ رونما نہیں ہوا ہے لیکن یہ علاقہ بہت محدود اور چندگاؤں پر مشتمل ہے۔

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اب وزیرستان کے دورے کے لیے ان علاقوں میں سے ایک علاقہ کوٹ کائی کا انتخاب کیا ہےاور وہ سات اکتوبر کو ڈیرہ اسماعیل خان سے کوٹ کائی کے لیے ایک ریلی کی صورت میں روانہ ہوں گے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔