روسی وزیر خارجہ پاکستان کا دورہ کریں گے

آخری وقت اشاعت:  منگل 2 اکتوبر 2012 ,‭ 06:06 GMT 11:06 PST

گزشتہ ایک برس کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں گرمجوشی دیکھنے میں آئی ہے

روس کے وزیر خارجہ سرگئی لووروف بدھ کو دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ رہے ہیں۔

پاکستان کے سرکاری ٹیلی ویژن کے مطابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر کی دعوت پر روسی وزیر خارجہ پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔

تاہم دورے کے ایجنڈے کے بارے میں مزید تفصیل نہیں بتائی گئی ہے۔

پاکستان میں ان ہی دنوں چار ملکی سربراہی کانفرنس منعقد ہونا تھی جس میں روس، تاجکستان، پاکستان اور افغانستان کے سربراہان نے شرکت کرنا تھی لیکن گزشتہ ماہ اس کانفرس کو روسی صدر کی درخواست پر ملتوی کر دیا گیا تھا۔

اس سے پہلے پاکستان کے دورے پر آئے ایک روس وفد نے پاکستان میں سٹیل مل، توانائی اور ریلوے سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچپسی ظاہر کی ہے۔

پیر کو اسلام آباد میں روس کے ایک وفد نے پاکستان سٹیل مل کی پیداواری صلاحیت میں اضافے، ریلوے اور توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے حوالے سے مفاہمت کی تین یادداشتوں پر دستخط کیے ہیں۔

وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے پیر کو روسی وفد کے ساتھ ملاقات میں کہا کہ پاکستان روس کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو تقویت دینے کا خواہاں ہے۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق وزیراعطم راجہ پرویز اشرف نے سائنس و ٹیکنالوجی، تجارت، تعلیم، ثقافت اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی سمیت دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں بڑھتے ہوئے اقتصادی تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے دوطرفہ تعلقات کو نئی قوت حاصل ہوئی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ایک برس کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں گرمجوشی پاکستان کی جانب سے اپنی خارجہ پالیسی کو وسعت دینے کی ایک کوشش ہیں۔

اعلیٰ سطح کے سرکاری دوروں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ صدر آصف علی زرداری گزشتہ برس اور پاکستان فضائیہ کے سربراہ ائر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ کا گزشتہ دنوں روس کا دورہ ان تبادلوں کا حصہ تھے۔

اس کے علاوہ پاکستان فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی کا بھی روس کا دورہ متوقع ہے اور یہ کسی پاکستانی فوجی سربراہ کا پہلا دورۂ ماسکو ہوگا۔

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔