بلوچستان: ڈاکٹروں کی ہڑتال ختم کرنے کا اعلان

آخری وقت اشاعت:  جمعرات 13 دسمبر 2012 ,‭ 18:04 GMT 23:04 PST

بلوچستان میں ڈاکٹروں کی ہڑتال کا سلسلہ ماہر ڈاکٹر سعید خان کے اغواء کے خلاف شروع ہوا تھا

پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں ڈاکٹروں نے تقریباً دو مہینوں سے جاری اپنی ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن بلوچستان کے صدر ڈاکٹر سلطان ترین نے جمعرات کی شام بلوچستان کے سیکریٹری صحت عصمت اللہ کاکڑ اور کمشنر کوئٹہ ڈویژن کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا۔

ڈاکٹرسلطان ترین نے کہا کہ حکومت نے ڈاکٹروں کے مطالبات مان لیے ہیں اور ڈاکٹروں کو تحفظ فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

ادھر مستونگ شہر میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے ایک ہندو ڈاکٹر لکشمی چند کو ہلاک کر د یا ہے۔ بلوچستان میں مسلم لیگ نون کے سیکرٹری سنتوش کمار نے کہا ہے کہ بلوچستان کے ہندو صدیوں سے بلوچستان میں آباد ہیں لیکن اب وہ عدم تحفظ کا شکار ہو گئے ہیں۔

بلوچستان میں ڈاکٹروں نے ہڑتال کا سلسلہ ممتاز ماہر چشم ڈاکٹر سعید خان کے اغواءکے خلاف شروع ہوا تھا۔

ہڑتال پہلے جزوی تھی لیکن 19نومبر کو ڈاکٹروں کی گرفتاری اور ان کے احتجاجی مظاہرے پر شیلنگ کے بعد انہوں نے سرکاری اور نجی ہسپتالوں میں مکمل ہڑتال کا سلسلہ شروع کیا تھا جس کے باعث بلوچستان میں تمام سرکاری ہسپتال ویران ہوگئے تھے اور عوام کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

اگرچہ ڈاکٹر سعید خان 28نومبر کو تاوان کی ادائیگی کے بعد بازیاب ہوگئے تھے۔ لیکن ڈاکٹروں نے تمام مطالبات کی تسلیم ہونے تک ہڑتال جاری رکھنے کا فیصلہ کیاتھا ۔

عوامی مشکلات کے پیش نظر بلوچستان کے جرنلسٹس یونین اور کوئٹہ پریس کلب کے عہدے داروں نے حکومت اور ڈاکٹروں کے درمیان مذاکرات کی راہ ہموار کی۔

دو روز قبل جب حکومت اور ڈاکٹروں کے مذاکرات ہو رہے تھے تو ایک اور ڈاکٹر عبدالعزیز بلوچ کو اغواءکیا گیا جو کہ تاحال بازیاب نہیں ہوئے۔ اسی طرح جمعرات کو ایک طرف حکومت اور ڈاکٹروں کے مذاکرات جاری تھے تو دوسری طرف مستونگ میں ایک ہندو ڈاکٹر کو قتل کر دیا گیا۔

ڈاکٹروں نے مستونگ میں ڈاکٹر لکھمی چند کے قتل ہونے پر تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔