لاہور: پنجاب کے نئے گورنر کی حلف برداری

آخری وقت اشاعت:  منگل 25 دسمبر 2012 ,‭ 08:34 GMT 13:34 PST

پنجاب حکومت کے ساتھ بہترین تعلقات اور عزت اور احترام کا رشتہ ہے: مخدوم احمد محمود

پنجاب کے نئے گورنر مخدوم سید احمد محمود نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔

چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس عمر عطاء بندیال نے منگل کو لاہور میں نئےگورنر سے حلف لیا۔

مخدوم سید احمد محمود کو سردار لطیف کھوسہ کی جگہ پنجاب کا گورنر مقرر کیا گیا ہے۔

حلف اٹھانے کے بعد سید احمد محمود نے اعلان کیا کہ وہ گورنر پنجاب کے عہدے کی تنخواہ اور مراعات نہیں لیں گے۔

گورنر ہاؤس کے سبزہ زار میں ہونے والی تقریب میں وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے شرکت کی۔

نئے گورنر پنجاب نے واضح کیا کہ صوبے میں اچھی حکمرانی کے لیے حکومت کو دی جانےوالی تجاویز کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہیں کیا جائے گا۔

مخدوم احمد محمود کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت کے ساتھ ان کے بہترین تعلقات اور عزت اور احترام کا رشتہ ہے اور ہر بات اسی رشتے کے تحت انجام پائے گی۔

تقریب حلف برداری میں پیپلز پارٹی کے علاوہ مسلم لیگ نون، مسلم لیگ قاف، جماعت اسلامی، مسلم لیگ ہم خیال اور فاروڈ بلاک کے رہنما اور ارکان اسمبلی بھی شامل تھے۔

تحریک منہاج القرآن کے سربراہ کے اسلام آباد کی طرف مارچ کے اعلان پر نئے گورنر پنجاب نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری عقیدت کو سیاسی رنگ نہ دیں اور نہ ہی عقیدت مندوں کو امتحان میں ڈالا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اب قومی اور صوبائی حکومت اور اپوزیشن کو نگران حکومتیں قائم کرنے پر اپنی توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔

نواز شریف سے ملاقات کے بارے میں سوال پر مخدوم سید احمد محمود نے کہا کہ وہ صدر آصف علی زرداری، وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلال بھٹو زرداری اور فریال تالپور سے ملاقات کے بعد یہ کوشش کریں گے کہ نواز شریف سے ملیں۔

مخدوم سید احمد محمود پنجاب کے چھٹے گورنر ہیں جن کا تعلق جنوبی پنجاب سے ہے۔ وہ بہاولپور صوبہ بنانے کی تحریک میں پیش رہے ہیں۔

نئے گورنر نے کہا کہ پنجاب میں نئے صوبوں کے قیام کے لیے قومی اور صوبائی اسمبلی نے قرار داد منظور کیا ہے اور یہ کوشش کروں گا کہ ان پر عمل درآمد کیا جائے گا۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔